Advertisements

دی گورنمنٹ صادق کالج ویمن یونیورسٹی بہاولپور کے نئے کیمپس کے قیام کا منصوبہ پنجاب حکومت کے زیر غور ہے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر شازیہ انجم

Government Sadiq College Women University Bahawalpur’s New Campus Plan Under Punjab Government’s Consideration: VC Prof. Dr. Shazia Anjum
بہاولپور : ضلعی امن کمیٹی کے رکن مخدوم سید امجد حسین بخاری وائس چانسلر دی گورنمنٹ صادق کالج ویمن یونیورسٹی کی وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر شازیہ انجم کو گلدستہ پیش کر رہے ہیں
Advertisements


وائس چانسلر کا عہدہ سنبھالنے کے بعد  ادارے کی بہتری کے لیے عملی اقدامات کیے ہیں جس کے مثبت نتائج سامنے آئے ہیں  پروفیسر ڈاکٹر شازیہ انجم کی ضلعی امن کمیٹی کے رکن مخدوم سید امجد بُخاری سے ملاقات میں گفتگو

بہاولپور : دی گورنمنٹ صادق کالج ویمن یونیورسٹی بہاولپور کی وائس چانسلر محترمہ پروفیسر ڈاکٹر شازیہ انجم نے کہا ہے کہ یونیورسٹی کی ترقی، تعلیمی معیار میں بہتری اور طالبات کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ تعلیم کی فراہمی ان کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے کہا کہ عہدہ سنبھالنے کے بعد سے ادارے کی بہتری کے لیے متعدد اقدامات کیے گئے ہیں جن کے مثبت نتائج سامنے آ رہے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ضلعی امن کمیٹی کے رکن مخدوم سید امجد حسین بُخاری سے ملاقات کے دوران یونیورسٹی کی کارکردگی اور مستقبل کے منصوبوں پر گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

Advertisements

وائس چانسلر نے بتایا کہ ان کی قیادت میں مختلف فیکلٹیز کو مزید مضبوط اور فعال بنایا گیا ہے جبکہ یونیورسٹی میں طالبات کی انرولمنٹ میں بھی خاطر خواہ اضافہ ہوا ہے، جو ادارے پر عوام کے بڑھتے ہوئے اعتماد کا مظہر ہے۔ انہوں نے کہا کہ تدریسی اور تحقیقی معیار کو بہتر بنانے کے لیے مختلف شعبہ جات کے اساتذہ اور لیکچررز کی پیشہ ورانہ تربیت پر خصوصی توجہ دی گئی ہے۔ جدید تدریسی طریقوں، تحقیق کے فروغ اور طالبات کی ہمہ جہت تربیت کے لیے متعدد اقدامات کیے جا رہے ہیں تاکہ یونیورسٹی قومی و بین الاقوامی معیار کے مطابق اپنی شناخت مزید مستحکم کر سکے۔

وائس چانسلر نے مزید بتایا کہ یونیورسٹی کی توسیع اور بڑھتی ہوئی تعلیمی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے نئے کیمپس کے قیام کا منصوبہ بھی زیر غور ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ پنجاب حکومت کی جانب سے اراضی کی فراہمی کے بعد اس منصوبے پر عملی پیش رفت ممکن ہوگی، جس سے خطے کی مزید طالبات کو اعلیٰ تعلیم کے مواقع میسر آئیں گے۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ دی گورنمنٹ صادق کالج ویمن یونیورسٹی بہاولپور کو خواتین کی اعلیٰ تعلیم، تحقیق اور علمی ترقی کا ایک مثالی ادارہ بنانے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ یونیورسٹی انتظامیہ طالبات کو معیاری تعلیم، جدید سہولیات اور سازگار تعلیمی ماحول فراہم کرنے کے لیے مسلسل کوشاں ہے۔ ملاقات کے دوران یونیورسٹی کی مجموعی کارکردگی، تعلیمی کامیابیوں اور مستقبل کے ترقیاتی منصوبوں پر بھی تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا اور اس امید کا اظہار کیا گیا کہ ادارہ آنے والے برسوں میں مزید ترقی اور کامیابی کی نئی منازل طے کرے گی