حکومت تحصیل احمدپور شرقیہ کو آفت زدہ قرار دے پرنس بہاول عباسی
کمشنر۔بہاولپور ڈویژن محترمہ مسرّت جبین کا سپاس گزار ہوں جنہوں نے صادق گڑھ پیلس کی درخواست پر موضع کچی شکرانی ، رسول پور اور بلہ جھلن کا وزٹ کیا اور سیلاب متاثرین کو عارضی رہائش کے لیے خیموں اور دیگر امدادی سامان کی فراہمی کو یقینی بنایا
حکومت تحصیل احمدپور شرقیہ کے سیلاب زدہ چھتیس مواضعات کے متاثرین کی بحالی کے لیے بلا تخصیص اقدامات کرے منچن بند سمیت تمام حفاظتی بندوں کو مضبوط کیا جائے نیز سیلابی پانی کو ذخیرہ کرنے کےلئے تحصیل احمدپور شرقیہ میں ایک ڈیم بنایا جائے
ماضی کی طرح حالیہ سیلاب بھی تباہی و بربادی کی المناک داستانیں چھوڑ گیا ہے جس سے نہ صرف ہزاروں ایکڑ کاشتہ اراضی تباہ وبرباد ہو گئی بلکہ رہائشی مکانات کو بھی ناقابل تلافی نقصان پہنچا ہے پنجاب حکومت سب کے نقصانات کا ازالہ کرے ولی عہد امیر آف بہاولپور کی پر ہجوم پریس کانفرنس
اوچ شریف+ چنی گوٹھ (ارشاد احمد شاد+ شاہد بشیر چوہدری سے) ولی عہد امیر آف بہاول پور پرنس بہاول عباس خان عباسی نے کہا ہے کہ حالیہ تباہ کن سیلاب میں تحصیل احمد پور شرقیہ کے 36 مواضعات بری طرح متاثر اور ہزاروں لوگ بے گھر ہونے ہیں، حکومت فوری طور پر تحصیل احمد پور شرقیہ کو آفت زدہ قرار دے۔ وہ آج اپنی رہائش گاہ صادق گڑھ پیلس میں الیکٹرونک و پرنٹ میڈیا کے نمائندوں سے اظہار خیال کر رہے تھے۔ اس موقع پر سیلاب متاثرہ علاقوں کی سرکردہ شخصیات، نمبر دار، سیاسی و سماجی عمائدین کی کثیر تعداد گفتگو میں موجود تھی۔
پرنس بہاول عباس خان عباسی نے کہا کہ گزشتہ برسوں کی طرح 2025ء کا حالیہ سیلاب بھی تحصیل احمد پور شرقیہ میں تباہی و بربادی کی الم ناک داستانیں چھوڑ گیا ہے، جس سے نہ صرف ہزاروں ایکڑ کاشتہ اراضی تباہ و برباد ہو کر رہ گئی بلکہ رہائشی مکانات کو بھی ناقابل تلافی نقصان پہنچا۔ پرنس بہاول عباس خان عباسی نے کہا کہ کسی حکومت نے بھی سیلاب متاثرین کے نقصانات اور کرب کا مداوا نہیں کیا، ہر سیلاب میں ہزاروں افراد نقل مکانی پر مجبور ہو جاتے ہیں اور ان کی ساری عمر کی جمع پونجی لٹ جاتی ہے، لیکن ان کا کوئی بھی پرسان حال نہیں ہوتا۔ انہوں نے پنجاب حکومت سے مطالبہ کیا کہ فوری طور پر تحصیل احمد پور شرقیہ کو آفت زدہ قرار دیتے ہوئے بے گھر لوگوں کی مکمل بحالی کے لیے خصوصی اقدامات یقینی بنائے جائیں اور حکومتی سروے میں بلاتخصیص تمام متاثرین کو مالی امداد فراہم کی جانے۔
پرنس بہاول عباس خان عباسی نے مزید کہا کہ این ڈی ایم اے نے آئندہ مون سون سیزن میں اس سال سے اٹھائیس فیصد زیادہ بارشوں کی پیش گوئی کی ہے، لہذا حکومت ابھی سے عملی اقدامات یقینی بناتے ہوئے منچن بند سمیت تمام حفاظتی بندوں کو مضبوط بنانے پر توجہ مرکوز رکھے۔ انہوں نے حکومت سے احمد پور شرقیہ کو سیلاب سے محفوظ رکھنے اور مستقبل میں سیلابی پانی ذخیرہ کرنے کے لیے چھوٹے ڈیم کی تعمیر کا بھی مطالبہ کیا۔ اس موقع پر ولی عہد امیر آف بہاول پور نے کمشنر بہاول پور ڈویژن مسرت جبیں کا بھی شکریہ ادا کیا جنہوں نے صادق گڑھ پیلس کی درخواست پر موضع کچی شکرانی، رسول پور اور بلہ جھلن کا دورہ کیا اور سیلاب متاثرین کو عارضی رہائش کے لیے خیمے اور دیگر امدادی سامان کی فراہمی کو یقینی بنایا۔ میڈیا سے گفتگو کے دوران میں انہوں سیلاب متاثرہ علاقوں میں کام کرنے والی امدادی ٹیموں اور مخیر افراد کی کاوشوں کو بھی سراہا۔

