حکومت آئے روز پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کر کے عوام پر مہنگائی کا طوفان برپا کر رہی ہے عارف عزیز شیخ
اگر حکومت نے عوامی مسائل کے حل پر فوری توجہ نہ دی تو مہنگائی سے پریشان عوام کا صبر جواب دے سکتا ہے۔ سابق ایم این اے
چنی گوٹھ (نامہ نگار)سابق ایم این اے عارف عزیز شیخ نے کہا ہے کہ حکومت آئے روز پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کر کے عوام پر مہنگائی کا طوفان برپا کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں مسلسل اضافے سے نہ صرف ٹرانسپورٹ کے کرایوں میں اضافہ ہو رہا ہے بلکہ اشیائے خورونوش، زرعی مداخل، بجلی اور روزمرہ استعمال کی دیگر ضروری اشیاء بھی مسلسل مہنگی ہوتی جا رہی ہیں، جس سے عام آدمی کی زندگی شدید متاثر ہوئی ہے۔انہوں نے یہ بات مختلف وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔
اس موقع پر انہوں نے کہا کہ موجودہ معاشی حالات میں مزدور، کسان، سرکاری و نجی ملازمین، تاجر اور متوسط طبقہ شدید مشکلات کا شکار ہیں، جبکہ غریب آدمی کے لیے اپنے اہلِ خانہ کی بنیادی ضروریات پوری کرنا بھی دشوار ہوتا جا رہا ہے۔عارف عزیز شیخ نے کہا کہ حکومت کی اولین ذمہ داری عوام کو ریلیف فراہم کرنا ہے، مگر بدقسمتی سے ایسے فیصلے کیے جا رہے ہیں جن سے مہنگائی میں مزید اضافہ ہو رہا ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں فوری کمی کی جائے، مہنگائی پر قابو پانے کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں اور عوام کو حقیقی ریلیف دیا جائے۔انہوں نے مزید کہا کہ اگر حکومت نے عوامی مسائل کے حل پر فوری توجہ نہ دی تو مہنگائی سے پریشان عوام کا صبر جواب دے سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوامی مفاد کو ترجیح دیتے ہوئے ایسی معاشی پالیسیاں اختیار کی جائیں جو ملک میں استحکام اور عوام کی خوشحالی کا سبب بنیں

