Advertisements

حکومت کا عمران خان کے بیرونی سازش کے الزام پر تحقیقاتی کمیشن بنانے کا اعلان

marriam aurangzeb
Advertisements

اسلام آباد: وفاقی حکومت نے سابق وزیراعظم عمران خان کی جانب سے لگائے گئے بیرونی سازش کے الزامات پر انکوائری کمیشن بنانے کا اعلان کیا ہے۔

وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب کا پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہنا تھا کہ انکوائری کمیشن غیر جانبدار ہوگا جو شفاف طریقے سے  ان الزامات کی آزادانہ تحقیقات کرے گا اور کمیشن کی جانب سے  جو بھی فیصلہ ہوگا  اس کے بعد وہ لوگ جنھوں نے ملک کو جھوٹی سیاست کے لیے استعمال کیا انھیں قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا
مریم اورنگزیب کے مطابق انکوائری کمیشن کے لیے ایسا سربراہ مقرر کیا جائے گا جس پر کوئی بھی انگلی نہیں اٹھا سکے گا۔
مریم اورنگزیب نے سابق وزیر اعظم عمران خان کی جانب سے اپنی اہلیہ بشریٰ بی بی کی قریبی دوست فرح خان سے متعلق بیان پر  بھی چیئرمین پی ٹی آئی کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا
وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے ا کہا کہ عمران خان کے خلاف کوئی بیرون ملک سازش نہیں ہوئی، جب اپنے اتحادی چھوڑ جائیں تب آپ کو یاد آیا کہ بیرونی سازش ہوئی؟
مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ  یہ بیرونِ ملک سازش کا رونا نہیں یہ گوگی بچاؤ کا ماتم ہے،  معاشی دہشتگرد، معاشی بارودی سرنگیں بچھانے والے نالائقی کا ماتم کر رہے ہیں، سازشی ٹولے نے 4 سال ملک کو لوٹا اور عوام کے خلاف سازش کی، اس ٹولے نے 4 سال خزانہ اورتوشہ خانہ لوٹا۔
وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ عمران خان کےدورحکومت میں نالائقی اورلوٹ مارکا بازارگرم تھا، افسران کے ذریعے پیسے کمائے گئے، ایک ایک تفصیل آ چکی ہے، صبح شام بیرون ملک سازش کا تماشا فرح گوگی بچاؤ تحریک ہے، آپ قوم کو بے وقوف نہیں بنا سکتے۔
مریم اورنگزیب نے بتایا کہ حکومت نے فیصلہ کیا ہے کہ اس صبح شام کے تماشے پر غیرجانبدار انکوائری کمیشن بنایا جائے، کمیشن آزاد ہوگا، تمام انکوائری عوام کے سامنے کی جائے گی، الزام تراشیاں فرح کو بچانے اور ملک کو نقصان پہنچانے کیلئے ہیں۔

Advertisements