Advertisements

حکومتی اتحاد اور پی ٹی آئی کے درمیان 26 اپریل کو ملاقات پر اتفاق

Asad Qaisar & AyazSadiq and Saad Rafiq
Advertisements

 اسلام آباد: سیاسی جماعتوں کے درمیان مذاکرات کے معاملے پر حکومت کے نامزد کردہ نمائندوں نے تحریک انصاف سے باضابطہ مذاکرات کے لیے رابطہ کیا ہے، جس پر دونوں فریقین نے ملاقات پر اتفاق کرلیا ہے۔

ذرائع کے مطابق پی ٹی آئی سے بات چیت کے لیے حکومت کی جانب سے نامزد کردہ نمائندے سردار ایاز صادق، خواجہ سعد رفیق و دیگر رہنماؤں نے سابق اسپیکر اسد قیصر سے رابطہ کیا اور کہا کہ ہم آپ سے باضابطہ بات چیت کے لیے رابطہ کررہے ہیں۔

Advertisements

اسد قیصر نے حکومتی نمائندوں کے رابطے سے متعلق پیش رفت سے پارٹی سیکرٹری جنرل اسد عمر کو آگاہ کردیا۔ اسد عمر نے اس سلسلے میں کہا کہ رابطہ اچھی بات ہے، حکومتی نمائندے سپریم کورٹ میں دورانِ سماعت اِس پیش رفت سے آگاہ کردیں۔

ذرائع کے مطابق پی ٹی آئی اور حکومتی نمائندوں کی ملاقات 26 اپریل کو طے ہوگئی ہے تاہم اس حوالے سے دونوں فریقین کی جانب سے کوئی باضابطہ اعلامیہ جاری نہیں کیا گیا۔

واضح رہے کہ سپریم کورٹ نے سیاسی جماعتوں کو الیکشن کے معاملے پر ایک مؤقف پر آنے کے لیے آپس میں بات چیت کرنے اور ایک نقطے پر متفق ہونے کی ہدایت کی تھی جس کے بعد سماعت 27 اپریل تک ملتوی کردی تھی۔