Advertisements

چولستان ترقیاتی ادارہ کے قیام کے 50 سال مکمل ہونے پر سی ڈی اے آفس کے گراؤنڈ میں گولڈن جوبلی تقریب

Golden Jubilee ceremony held at CDA Office ground to mark 50 years of Cholistan Development Authority
Advertisements

کمشنر عرفان علی کاٹھیا، چوہدری خالد محمود ججہ، چوہدری سعد مسعود، منیجنگ ڈائریکٹر سی ڈی اے شاہد حسن کلیانی اور ہر شعبہ زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی

۔

Advertisements

بہاول پور:چولستان ترقیاتی ادارہ کے قیام کے 50 سال مکمل ہونے پر گولڈن جوبلی تقریب سی ڈی اے آفس کے گراؤنڈ میں منعقد ہوئی۔ تقریب میں کمشنر بہاول پور ڈویژن عرفان علی کاٹھیا، رکن پنجاب اسمبلی چوہدری خالد محمود ججہ، رہنما مسلم لیگ (ن) چوہدری سعد مسعود، منیجنگ ڈائریکٹر چولستان ترقیاتی ادارہ شاہدحسن کلیانی، افسران، ملازمین اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی۔

تقریب میں منیجنگ ڈائریکٹر چولستان ترقیاتی ادارہ شاہد کلیانی نے خطبہ استقبالیہ پیش کرتے ہوئے ادارے کی 50 سالہ خدمات، ترقیاتی منصوبوں اور مستقبل کے اہداف پر روشنی ڈالی۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کمشنر بہاول پور ڈویژن عرفان علی کاٹھیا نے کہا کہ دنیا کا کوئی ادارہ ایسا نہیں جو بہتری اور ترقی کی گنجائش نہ رکھتا ہو، تاہم چولستان ترقیاتی ادارے کے پاس 66 لاکھ ایکڑ اراضی ہونے کے باوجود وہ ترقی کی وہ منازل طے نہیں کر سکا جن کا اس میں بھرپور پوٹینشل موجود ہے۔ انہوں نے کہا کہ جب تک ادارہ اپنی ترجیحات کا ازسرِ نو تعین نہیں کرے گا، مطلوبہ نتائج حاصل نہیں کیے جا سکتے۔

کمشنر نے کہا کہ پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے تحت ایسے منصوبے متعارف کرانے کی ضرورت ہے جن سے ادارے کی آمدن میں اضافہ ہو۔ انہوں نے کہا کہ چولستان میں سیاحت کے وسیع مواقع موجود ہیں اور ٹورازم کے فروغ سے خاطر خواہ ریونیو حاصل کیا جا سکتا ہے۔ انہوں نے نئے پٹواریوں کی بھرتیوں کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے یقین دلایا کہ کمشنر آفس ہر ممکن تعاون فراہم کرے گا۔عرفان علی کاٹھیا نے کہا کہ ادارے میں جدید تقاضوں کے مطابق اصلاحات اور جدت لانا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ غریب چولستانیوں کے مسائل اور مشکلات کے ازالے کے ساتھ ساتھ ملازمین کے سروس معاملات پر بھی خصوصی توجہ دی جائے تاکہ ادارے کی کارکردگی مزید بہتر بنائی جا سکے۔

رکن پنجاب اسمبلی چوہدری خالد محمود ججہ نے اپنے خطاب میں کہا کہ گزشتہ پچاس برسوں کے دوران چولستان میں زمینیں تو الاٹ ہوتی رہیں مگر پانی کی فراہمی کا بنیادی مسئلہ حل نہ ہو سکا۔ انہوں نے کہا کہ ہم سب کو مل کر اس ادارے کو مضبوط اور فعال بنانا ہوگا تاکہ چولستان کے عوام حقیقی معنوں میں ترقی کے ثمرات حاصل کر سکیں۔رہنما مسلم لیگ (ن) چوہدری سعد مسعود نے اپنے خطاب میں کہا کہ چولستان کی ترقی حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے اور ادارے کو جدید خطوط پر استوار کرنے کے لیے تمام متعلقہ اداروں کو مشترکہ حکمت عملی کے تحت کام کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ چولستان کی پائیدار ترقی، عوامی فلاح اور ادارے کی استعداد کار میں اضافے کے لیے ہر ممکن تعاون جاری رکھا جائے گا۔تقریب کے موقع پر چولستان کی ثقافت اور دستکاری کو اجاگر کرنے کے لیے خصوصی اسٹالز بھی سجائے گئے تھے۔

کمشنر بہاول پور ڈویژن عرفان علی کاٹھیا، رکن پنجاب اسمبلی چوہدری خالد محمود ججہ، چوہدری سعد مسعود اور دیگر مہمانوں نے چولستانی روایتی چادر سلاری، بکری اور اونٹ کی اون سے تیار کی گئی فلاسی، چولستانی رلی، کھجور کے پتوں سے تیار کردہ مختلف اشیاء اور چنری کے اسٹالز کا دورہ کیا۔ مہمانوں نے چولستانی ہنرمندوں کی مہارت اور ثقافتی ورثے کو سراہتے ہوئے ان روایتی دستکاریوں کو خطے کی پہچان قرار دیا۔اس کے بعد چولستان کے مقامی فنکاروں نے روایتی لوک اور مارواڑی گیت پیش کیے، جنہیں شرکاء نے بے حد پسند کیا اور بھرپور داد دے کر فنکاروں کی حوصلہ افزائی کی۔تقریب کے اختتام پر پروگرام آرگنائزر ایس ڈی او امتیاز لاشاری نے معزز مہمانوں، شرکاء، فنکاروں اور انتظامی ٹیم کا شکریہ ادا کرتے ہوئے تقریب کی کامیابی میں تعاون کرنے والے تمام افراد کی خدمات کو سراہا۔