قائد اعظم میڈیکل کالج بہاول پور کے قیام کی گولڈن جوبلی تقریبات کا آغاز
بہاول پور:10/دسمبر قائد اعظم میڈیکل کالج بہاول پور کے قیام کی گولڈن جوبلی تقریبات کا آغاز کر دیا گیا۔ اس سلسلہ کی افتتاحی تقریب کالج کے آڈیٹوریم میں منعقد ہوئی۔ تقریب میں کالج آف فزیشن اینڈ سرجنز پاکستان کے پریذیڈنٹ پروفیسر ڈاکٹر شعیب شیخ،پرنسپل قائد اعظم میڈیکل کالج پروفیسر ڈاکٹر صوفیہ فرخ،میڈیکل سپرنٹنڈنٹ بہاول وکٹوریہ ہسپتال ڈاکٹر سید عامر بخاری، کیو اے ایم سی بورڈ آف مینجمنٹ کے عہدیداران، کالج کے سابق پرنسپلز،ایلومینائی پروفیسر ڈاکٹر مسرور احمد قاضی، پروفیسر ڈاکٹر منیر اظہر چوہدری، پروفیسر ڈاکٹر جاوید اقبال، پروفیسر ڈاکٹر ناہید فاطمہ،ڈاکٹر امجد کمال، ڈاکٹر عمیرعارف، ڈاکٹر شازیہ صدیق، ڈاکٹر عمیر احمد، پروفیسر ڈاکٹر ارم چوہدری، پروفیسر ڈاکٹر ناصر علی،پروفیسر ڈاکٹر سید عارف احمد زیدی، پروفیسر ڈاکٹر عطااللہ مظہر، پروفیسر ڈاکٹر مظہرفیض عالم، ڈاکٹر مغیث امین، فیکلٹی ممبران، پروفیسرز، ڈاکٹرزاور سماجی شخصیات نے شرکت کی۔ پرنسپل قائد اعظم میڈیکل کالج بہاول پور پروفیسر ڈاکٹر صوفیہ فرخ نے افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ قائد اعظم میڈیکل کالج کے قیام کی گولڈن جوبلی تقریبات باعث فخر اور خوش آئند ہیں۔ اس مادر علمی نے ہزاروں طلباء وطالبات کو ملک وقوم کی خدمت کے قابل بنایا۔ انہوں نے کہا کہ وہ اس مادر علمی کی ایک فارغ التحصیل طالبہ ہیں اور انہیں یہ اعزاز بھی حاصل ہوا ہے کہ اس کالج کی وہ پہلی خاتون پرنسپل ہیں۔ تقریب کے مہمان خصوصی پروفیسر ڈاکٹر شعیب شفیع نے اظہار مسرت کرتے ہوئے کہا کہ وہ اس عظیم درسگاہ کے ساتھ منسلک رہے ہیں اور انہیں فخر ہے کہ یہاں کے ڈاکٹرز نے پوری دنیا میں اپنے کالج کا نام روشن کیا ہے۔ تقریب کے دوسرے مرحلے میں میڈیکل سائنس میں نمایاں خدمات سرانجام دینے والے سابق طلباء وطالبات کو اعزازی شیلڈز دی گئیں جبکہ جگر کی پیوندکاری کے سرجن ڈاکٹر عبد الوہاب ڈوگراور پاکستان ہاکی کے سابق کپتان و اولمپئن ڈاکٹر عاطف بشیر کو ملک کے لئے گراں قدر خدمات پر شیلڈز دی گئیں۔ اسی طرح کرونا وبا کے دوران فرائض کی انجام دہی کرتے ہوئے شہید ہونے والے پروفیسر ڈاکٹر فیاض احمد، ڈاکٹر مصدق، ڈاکٹر ظفر،اور ڈاکٹرصغیر سمیجہ کے ورثاء کو اعزازی شیلڈز عطا کی گئیں۔ تقریب میں سابق پریذیڈنٹ ایلومینائی پروفیسر ڈاکٹر جمیل احمد شاہین، نومنتخب پریذیڈنٹ ایلومینائی پروفیسر ڈاکٹر عارف زیدی نے بھی اظہار خیال کیا۔ تقریب کی ایک منفرد روایت دیئے سے دیا جلانا تھا جس کا مقصد اساتذہ کرام کی عزت و تعظیم اور خدمت کے جذبے کے تسلسل کی تجدید تھی۔ تقریب کے اختتام پر خوبصورت آتش بازی کا مظاہرہ بھی کیا گیا۔