Advertisements

وزیراعلیٰ پرویز الٰہی سے جرمنی کے سفیر الفریڈ گراناس کی ملاقات

German Ambassador Alfred Granas meeting with Chief Minister Parvez Elahi
Advertisements

  لاہور20 ستمبر: وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الٰہی سے آج وزیراعلیٰ آفس میں جرمنی کے سفیر الفریڈ گراناس نے ملاقات کی۔ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور، دو طرفہ تعلقات اور مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال کیاگیااورووکیشنل و ٹیکنیکل ایجوکیشن، صحت کے شعبوں اور پانی کو ذخیرہ کرنے کے حوالے سے تعاون بڑھانے پر اتفاق کیاگیا۔جرمنی نے پنجاب حکومت کو واٹر سٹوریج کے حوالے سے تکنیکی معاونت کی فراہمی پر آمادگی کا اظہارکیا۔وزیراعلیٰ چودھری پرویز الٰہی نے جرمن سفیر کو جنوبی پنجاب میں سیلاب سے ہونے والی تباہی اور متاثرین سیلاب کیلئے بحالی کی سرگرمیوں سے آگاہ کیا۔وزیراعلیٰ چودھری پرویز الٰہی نے جرمن سفیر سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ موسمیاتی تبدیلیوں سے پاکستان شدید متاثر ہوا ہے۔یہ ایک ایسا چیلنج ہے جس پر اقوام عالم کو فوری طور پر مشترکہ لائحہ عمل اپنانے کی ضرورت ہے۔جنوبی پنجاب سمیت پاکستان کے دیگر صوبوں میں سیلاب سے تباہی کو الفاظ میں بیان کرنا ممکن نہیں۔پنجاب حکومت نے متاثرین سیلاب کی بحالی و آبادکاری کیلئے مربوط لائحہ عمل بنایا ہے۔ہم اپنے وسائل سے مصیبت زدہ بہن بھائیوں کی ہرممکن مدد کر رہے ہیں۔گھروں، فصلوں اور لائیوسٹاک کو پہنچنے والے نقصان کے ازالے کیلئے مالی امداد کا خصوصی پیکیج دیا ہے۔انہوں نے کہا کہعالمی برادری کو آزمائش کی اس گھڑی میں پاکستان کا بھرپور ساتھ دینے کی ضرورت ہے۔وزیراعلیٰ چودھری پرویزالٰہی نے بتایا کہ میں نے 2002 میں اپنے سابق دور میں کوہ سلیمان کے ہل ٹورنٹس کے پانی کو چینلائزڈ کرنے کا پروگرام شروع کیا۔بدقسمتی سے بعد میں آنے والی حکومت نے اس پروگرام کو روک دیا لیکن اب ہم نے دوبارہ واٹر چینلائزڈ کرنے اور سمال ڈیمز بنانے کا منصوبہ بنایا ہے۔انہوں نے کہا کہ قیمتی پانی کو سمندر میں جا کر ضائع ہونے سے روکنے کیلئے ڈیمز پاکستان کیلئے ضروری ہیں۔اگر ڈیم ہوتے تو پانی سے اتنی تباہی نہ ہوتی اور پانی بھی سٹور ہوتا۔جتنے زیادہ ڈیم ہم بنائیں گے اتنی ہی تباہی سے بچیں گے۔انہوں نے کہا کہ جرمنی پاکستان کا بہترین پارٹنر ہے۔ ووکیشنل اینڈ ٹیکنیکل ایجوکیشن، صحت اور واٹر سٹوریج کے حوالے سے جرمنی کے تجربے اورمہارت سے استفادہ کریں گے۔پنجاب جرمنی کے ساتھ مختلف شعبوں میں تعاون کو فروغ دینے میں لیڈ لے گا۔ جرمنی کی جانب سے واٹر سٹوریج کیلئے تکنیکی معاونت کا کھلے سے خیرمقدم کریں گے۔ جرمن سفیر نے بارشوں اور سیلاب سے جانی و مالی نقصان پر افسوس کا اظہار کیا اورکہا کہ وزیراعلیٰ چودھری پرویز الٰہی کی قیادت میں پنجاب حکومت کیساتھ مختلف شعبوں میں تعاون کو فروغ دینا چاہتے ہیں۔دو طرفہ تعاون بڑھانے کیلئے تیزی سے اقدامات کے خواہاں ہیں۔جرمنی کے سفارتخانے کی فرسٹ سیکرٹری مسز ڈورٹا مگدالینا بیریزکی (Mrs. Dorota Magdalena Berezicki)،چیف سیکرٹری پنجاب عبداللہ خان سنبل، سابق پرنسپل سیکرٹری وزیراعلیٰ جی ایم سکندر اور متعلقہ حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔