پاکستانی عوام نے اپنا تاریخی فیصلہ دے دیا ، الیکشن منصفانہ اور غیر جانبدارانہ ہوئے طارق بشیر چیمہ
چنی گوٹھ اور کلاب میرے حلقہ میں نئے علاقے شامل ہوئے ہیں ، ان علاقوں میں بے پناہ مسائل ہیں ان کو حل کرانا ہماری اولین ترجیحات میں شامل ہو گا
مسلم لیگ ق کے نو منتخب ایم پی اے حسن عسکری شیخ کے ہمراہ سابق چیئرمین یونین کونسل چنی گوٹھ مہر محمد صدیق کی قیادت میں ملنے والے وفد سے نو منتخب ایم این اے کی گفتگو
چنی گوٹھ (نامہ نگار) نو منتخب ایم این اے و مرکزی سیکرٹری جنرل پاکستان مسلم لیگ ق چوہدری طارق بشیر چیمہ نے کہا ہے کہ پاکستانی عوام نے اپنا تاریخی فیصلہ دے دیا ہے جس پارٹی کو حکومت ملے گی حکومت بنانا اس کا جمہوری حق ہے ، الیکشن منصفانہ اور غیر جانبدارانہ ہوئے ، ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنی اقامت گاہ پر مسلم لیگ ق کے نو منتخب ایم پی اے حسن عسکری شیخ کے ہمراہ سابق چیئرمین یونین کونسل چنی گوٹھ مہر محمد صدیق کی قیادت میں ملنے والے ایک وفد جن میں سابق وائس چیئرمین یوسی چوہدری محمد خالد گجر، جام اعجاز گھوٹیہ ، رانا ساجد غفار اور دیگر عمائدین علاقہ پر مشتمل تھا ان سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ، چوہدری طارق بشیر چیمہ نے کہا کہ میں نے پہلے بھی عوام کی خدمت کی ہے اور آئندہ بھی یہ سلسلہ جاری رہے گا ، انہوں نے کہا کہ چنی گوٹھ اور کلاب میرے حلقہ میں نئے علاقے شامل ہوئے ہیں ، ان علاقوں میں بے پناہ مسائل ہیں ان کو حل کرانا ہماری اولین ترجیحات میں شامل ہو گا ، انہوں نے کہا کہ ان علاقوں میں ان کے حصہ سے زیادہ فنڈز فراہم کیا جائے گا ، انہوں نے کہا کہ تحصیل یزمان میں ترقیاتی منصوبوں کی مثال نہیں ملتی اور یہی وجہ ہے کہ ہمارے حلقہ کی عوام نوٹ کی بجائے ووٹ کو ترجیح دیتی ہے ، چوہدری طارق بشیر چیمہ نے کہا کہ چنی گوٹھ اور کلاب میں نہری پانی کی فراہمی کے لئے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کئے جا رہے ہیں ، انہوں نے کہا کہ ان علاقوں کی بچے اور بچیاں اعلیٰ تعلیم حاصل کر کے ڈگریاں ہاتھوں میں لیے دفتروں کی خاک چھان رہے ہیں مگر ان کا کوئی پرسان حال نہیں ان کے سابق عوامی نمائندوں نے نوکریاں پیسوں کے عوض بیچ دی گئی تھیں اور اب نوجوانوں کو روزگار کی فراہمی کے لئے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کئے جائیں گے اور ان کو بلا تفریق روزگار فراہم کیا جائے گا ، انہوں نے کہا کہ چنی گوٹھ میں گرلز ڈگری کالج کی تعمیر اور سٹیٹ آف دی آرٹ ہسپتال کی تعمیر بھی ہماری اولین ترجیح ہے ۔ اس موقع پر مہر محمد صدیق کی سربراہی میں ملنے وفد نے نو منتخب ایم این اے چوہدری طارق بشیر چیمہ اور نو منتخب ایم پی اے حسن عسکری شیخ کو جیت کی مبارکباد دی اور پھولوں کے گلدستے پیش کئے ۔