آزادی اظہار رائے اور آزادی صحافت کے بغیر جمہوریت پھل پھول نہیں سکتی، صاحبزادہ محمد عمر عباسی
کسی بھی جمہوری معاشرے میں میڈیا واچ ڈاگ کا کردار ادا کرتا ہے، جمہوری ممالک میں کوئی مقدس گائے نہیں ہوتی، وہاں میڈیا ہر کسی کا بلا تفریق احتساب کرتا ہے۔
صحافتی تنظیمیں پیکا سمیت دیگر قوانین کے حوالے سے قانونی معاونت حاصل کرنے کے لئے بار ایسوسی ایشنز کے ساتھ ایم او یو سائن کریں۔ نواب آف بہاول پور کے پوتے کا رورل میڈیا نیٹ ورک پاکستان کے زیر اہتمام سیمینار سے بطور مہمان خصوصی خطاب
احمد پور شرقیہ: نواب آف بہاول پور مرحوم کے پوتے اور متحدہ عباسیہ انٹرنیشل کے مرکزی نائب صدر صاحبزادہ محمد عمر خان عباسی نے کہا ہے کہ آزادی اظہار رائے اور آزادی صحافت کے بغیر جمہوریت پھل پھول نہیں سکتی۔کسی بھی جمہوری معاشرے میں میڈیا واچ ڈاگ کا کردار ادا کرتا ہے، جو اپنی مثبت تنقید کے ذریعے حکمران طبقے کو صحیح ڈگر پر لانے میں نمایاں کردار ادا کرتا ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے احمد پور شرقیہ کے مقامی ہوٹل میں رورل میڈیا نیٹ ورک پاکستان اور روزنامہ "نوائے احمد پور شرقیہ” کے اشتراک سے صحافیوں کے خلاف جرائم کی سزا سے استثنی کے خاتمے کے عالمی دن کے موقع پر منعقدہ سیمینار میں مہمان خصوصی کی حیثیت سے خطاب کرتے ہوئے کیا، جو صدر آر ایم این پی احسان احمد سحر کی زیر صدارت منعقد ہوا تھا،
اس سیمینار میں چنی گوٹھ، اوچ شریف، تحصیل صدر بہاول پور، مبارک پور، خیر پور ڈاہا، نوشہرہ جدید، احمد پور یونین آف جرنلسٹس،ہتیجھی, خان بیلہ، ترنڈہ محمد پناہ، جن پور، سمہ سٹہ، اور شہر سلطان کے پریس کلبز کے صدور اور دیگر عہدیدار شریک ہوئے۔ صاحبزادہ محمد عمر خان عباسی نے پیکا ایکٹ میں حالیہ ترامیم کے حوالے سے صحافیوں کی تشویش پر گفتگو کرتے ہوئے مشورہ دیا کہ وہ پیکا قوانین میں ترمیم میں چیلینج کرنے کے لیے بار ایسوسی ایشنز کے ساتھ ایم او یو سائن کریں، تاکہ میڈیا پرسنز کے تحفظ اور پریس فریڈم کو یقینی بنانے میں ان کی معاونت حاصل کی جا سکے۔
متحدہ عباسیہ انٹرنیشل کے مرکزی نائب صدر نے کہا کہ جمہوری اقدار کے حامل ممالک میں اسٹیبلشمنٹ اور عدلیہ پر بھی جائز تنقید کی جاتی ہے کیوں کہ وہاں کوئی مقدس گائے نہیں۔انہوں نے سیمینار میں موجود رحیم یار خان، مظفر گڑھ اور بہاول پور کے اضلاع کے چودہ صحافتی اداروں کے نمائندگان پر زور دیا کہ وہ جنوبی پنجاب کی پسماندگی کو دور کرنے کے لئے اجتماعی کوششوں کو بروئے کار لائیں اور بلاخوف و خطر عوامی مسائل کی نشان دہی کریں۔ سیمینار کے اختتام پر مہمان خصوصی صاحبزادہ محمد عمر خان عباسی نے چودہ صحافتی تنظیموں کے تیس عہدیداروں میں سیمینار میں شرکت کے سرٹیفکیٹ اور اُنکے اراکین کے لیے یونیسکو کی سی ڈیز دیں۔ انہوں نے بارہ پریس کلبز کی جانب سے "جرنلسٹس الائنس” کی تشکیل کا خیر مقدم کیا اور اپنی اس توقع کا اظہار کیا کہ "جرنلسٹس الائنس” کا دائرہ مزید وسیع کر کے اسے جنوبی پنجاب کے تمام اضلاع تک پھیلا دیا جائےگا۔صاحبزاداہ محمد عمر خان عباسی نے آر ایم این پی کے صدر احسان احمد سحر اور ان کے ساتھیوں کی طویل صحافتی خدمات کو سراہا۔

