وزیر اعلی عثمان بزدار سے سکوائش کے سابق عالمی چیمپئن جان شیر خان کی ملاقات،پنجاب میں سکوائش کا میگا ایونٹ کرانے پر اتفاق
سکوائش ٹورنامنٹ کو ہارس اینڈ کیٹل شوکے ساتھ منعقد کرایا جائیگا، ڈویژنل سطح پرسکوائش کی ٹریننگ اکیڈمیاں بنائی جائینگی:عثمان بزدار
کھیلوں کے فروغ کیلئے وزیراعلیٰ عثمان بزدار کی کاوشوں کو سراہتے ہیں،آپ عملی اقدامات کر رہے ہیں:جان شیر خان
لاہور20 نومبر:وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان بزدار سے وزیراعلیٰ آفس میں سکوائش کے سابق عالمی چیمپئن جان شیر خان نے ملاقات کی،جس میں پنجاب میں سکوائش کا میگا ایونٹ کرانے پر اتفاق کیا گیا -وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ سکوائش ٹورنامنٹ کو ہارس اینڈ کیٹل شوکے ساتھ منعقد کرایا جائے گا۔پنجاب میں سکوائش کے فروغ کیلئے ڈویژنل سطح پر ٹریننگ اکیڈمیاں بنائی جائیں گی۔ تحصیل سپورٹس کمپلیکس میں سکوائش کورٹ بنائے جا رہے ہیں۔ پنجاب کے دور دراز علاقوں میں بھی کھیلوں کو فروغ دیا جا رہا ہے -صوبہ بھرمیں نوجوانوں کے لئے کھیلوں کے مواقع فراہم کرنے پر عمل پیرا ہیں – عالمی سطح پر پاکستان کی نمائندگی کرنے والے کھلاڑیوں کی مالی معاونت کررہے ہیں – سکوائش کے سابق عالمی چیمپئن جان شیر خان نے وزیراعلیٰ عثمان بزدار سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ پنجاب میں کھیلوں کے فروغ کے لئے آپ کی کاوشوں کو سراہتے ہیں – وزیر اعلی عثمان بزدار مثبت سوچ کے ساتھ سپورٹس کو فروغ دینے کے لئے عملی اقدامات کر رہے ہیں – سکوائش کے کھلاڑیوں کی تربیت کے حوالے سے پنجاب حکومت سے تعاون کریں گے – صدر سکوائش ایسوسی ایشن پنجاب نورالامین مینگل نے اس موقع پر بتایاکہ لاہور میں 200 بچوں کی سکوائش ٹریننگ کا اہتمام کیا گیا ہے اورپاکستان بھر سے بچوں کو پروفیشنل ٹریننگ کرا کر سکوائش کا ٹیلنٹ سامنے لائیں گے-چیف سیکرٹری، پرنسپل سیکرٹری وزیر اعلی، سکوائش کے سابق کھلاڑی احسان اللہ خان، پنجاب سکوائش ایسوسی ایشن کے عہدیدار مامون خان اور ڈی جی پنجاب سپورٹس بورڈ بھی اس موقع پر موجود تھے-