سابق گورنر پنجاب انجینیر محمد بلیغ الرحمن نے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد کامران کے ہمراہ طلبہ و طالبات میں لیپ ٹاپ تقسیم کیے
وزیراعظم لیپ ٹاپ سکیم فیز 4 کے تحت اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور کے طلبہ و طالبات کو 3900 لیپ ٹاپ تقسیم کیے جا رہے ہیں
حالیہ دور میں سالانہ ایک لاکھ لیپ ٹاپ کی تقسیم پاکستان بھر کے ہونہار طلباء و طالبات کے لیے جاری ہے آج پاکستان آئی ٹی میں چوتھا ترقی کرتا ہوا ملک بن چکا ہے سابق گورنر پنجاب
وزیراعظم لیپ ٹاپ سکیم فیز 4 کے تحت اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور کے طلبہ و طالبات کو 3900 لیپ ٹاپ تقسیم کیے جا رہے ہیں۔ اس سلسلے میں ایک خصوصی تقریب غلام محمد گھوڑی ہال عباسیہ کیمپس میں منعقد ہوئی۔ مہمان خصوصی سابق گورنر پنجاب انجینیر محمد بلیغ الرحمن نے وائس چانسلر اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور پروفیسر ڈاکٹر محمد کامران کے ہمراہ طلبہ و طالبات میں لیپ ٹاپ تقسیم کیے۔ تقریب میں اراکین صوبائی اسمبلی رانا طارق خان، سعدیہ بلال ممبر سینڈیکیٹ ،سابقہ رکن صوبائی اسمبلی فوزیہ ایوب قریشی، پرووائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر عبدالرؤف اور دیگر معززین موجود تھے۔
انجینئر محمد بلیغ الرحمن نے کہا کہ وزیر اعظم پاکستان شہباز شریف کا ویژن ہے کہ پاکستان کے نوجوان جدید ٹیکنالوجی سے لیس ہوں۔انہوں نے کہا کہ وزیراعظم لیپ ٹاپ سکیم کو جو سابق وزیراعظم میاں محمد نواز شریف نے شروع کی تھی دوبارہ فعال کیا گیاتاکہ ہمارے طلبا و طالبات عالمی معیار کی تعلیم سے مستفید ہوں اور جامعات میں تحقیق اور اختراع کو فروغ حاصل ہو۔ان اقدامات کی بدولت آج پاکستان سرفہرست فری لانسنگ ملکوں میں شامل ہے اور آئی ٹی میں چوتھا ترقی کرتا ہوا ملک بن چکا ہے۔ 2013 سے 2018 کے درمیان 5 لاکھ لیپ ٹاپ نوجوانوں میں تقسیم کیے گئے۔ حالیہ دور میں سالانہ ایک لاکھ لیپ ٹاپ کی تقسیم پاکستان بھر کے ہونہار طلباء و طالبات کے لیے جاری ہے۔وزیر اعلی پنجاب مریم نواز شریف کی قیادت میں صوبہ پنجاب میں بھی لاکھوں نوجوانوں کو لیپ ٹاپ دیئے جارہے ہیں۔یہ سکیم طلبہ کو عالمی ڈیجیٹل لائبریری جدید سافٹ ویئر تک رسائی دے گی۔ملک بھر میں ڈیجیٹل لرننگ کو فروغ دیا جا رہا ہے۔ انہوں نے طلبا و طالبات سے کہا کہ اس سہولت کو اپنی اور اپنے ملک کی پیشہ ورانہ ترقی کے لیے استعمال کریں۔
وائس چانسلر اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور پرفیسر ڈاکٹر محمد کامران نے اپنے خطاب میں کہا کہ وزیراعظم لیپ ٹاپ سکیم وزیراعظم پاکستان کے عالمی ویژن کی عکاس ہے ۔ یہ اس بات کی ضمانت ہے کہ پاکستان کا نوجوان صرف علم کا پیروکار نہیں بلکہ علم کا قائد ہے۔وزیراعظم لیپ ٹاپ سکیم سے اب تک جامعہ اسلامیہ بہاولپور کے 13345 طلبہ و طالبات مستفید ہو چکے ہیں۔اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور وزیراعظم پاکستان محمد شہباز شریف اور ہائر ایجوکیشن کمیشن کی شکر گزار ہے کہ انہوں نے ہمارے نوجوانوں پر اعتماد کیا اور عالمی تعلیم کے لیے وسائل فراہم کیے۔ پنجاب یونیورسٹی کے سینئر فیکلٹی ممبر ڈاکٹر عمران دین نے بھی خطاب کیا اور لیپ ٹاپ سکیم کو سراہا ۔ تقریب میں ڈینز پرنسپل افیسرز اور عمائدین شہر کی بڑی تعدادنے شرکت کی۔

