کافی عرصہ پہلے ن لیگ چھوڑنے کا فیصلہ کر لیا تھا، اب فیصلہ کر لیا کہ مسلم لیگ ن کو خیر باد کہہ دوں
شاہد خاقان عباسی کی نئی جماعت سمیت تاحال کسی بھی پارٹی کو جوائن کرنے کا فیصلہ نہیں کیا، اپنے سیاسی مستقبل کا فیصلہ دوستوں کے مشورے کے بعد کروں گا۔
کراچی: مسلم لیگ ن کے سینئر رہنما اور سابق گورنر سندھ محمد زبیر نے پارٹی چھوڑنے کا اعلان کر دیا۔ نواز شریف کے سابق ترجمان محمد زبیر کا اپنے بیان میں کہنا تھا کہ کافی عرصہ پہلے ن لیگ چھوڑنے کا فیصلہ کر لیا تھا، اب فیصلہ کر لیا ہے کہ مسلم لیگ ن کو خیر باد کہہ دوں۔ انہوں نے کہا کہ تب تک پارٹی کے ساتھ تھا جب تک سویلین بالادستی کی بات ہو رہی تھی، ہر قیمت میں پاور میں ہی رہنا ہے تو بہت مشکل ہو جاتا ہے، پارٹی کا مؤقف تبدیل ہوگیا تھا پھر الگ ہونا ہی بہتر تھا، میں نے کافی عرصے سے کلیئر کر دیا تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ تحریک عدم اعتماد اور پی ڈی ایم کی 16 ماہ کی کارکردگی سمیت مختلف ایشوز پر اختلافات تھے، ہم نے عوام کے بھروسے پر سیاست کرنی تھی، عوام پر ہمارا اعتماد تھا، ووٹ کو عزت دو کا نعرہ ہمارا تھا۔ محمد زبیر نے مزید کہا کہ شاہد خاقان عباسی کی نئی جماعت سمیت تاحال کسی بھی پارٹی کو جوائن کرنے کا فیصلہ نہیں کیا، اپنے سیاسی مستقبل کا فیصلہ دوستوں کے مشورے کے بعد کروں گا۔ واضح رہے کہ محمد زبیر ماضی میں نواز شریف اور مریم نواز کے ترجمان بھی رہ چکے ہیں