حکومت ایران میں دہشت گردوں کے ہاتھوں قتل ہونے والے احمد پور شرقیہ کے محمد جمشید اور محمد خالد کے ورثاء لئے ایک ایک کروڑ امداد کا اعلان کرے محمد علی درانی

سابق وفاقی وزیر اطلاعات محراب والا کے رہائشی محمد خالد اور چکی موڑ کے رہائشی محمد جمشید کے ورثاء سے اظہار تعزیت کے لئے اُن کی رہائش گاہوں پر پہنچ گئے
احمد پور شرقیہ (رپورٹ چوہدری محمد اکرم ) سابق وفاقی وزیر اطلاعات و سینیٹر محمد علی درانی ایران کے صوبہ سیستان کے علاقہ میں دہشت گردوں کے ہاتھوں قتل ہونے والے احمد پور شرقیہ کے علاقہ محراب والا کے رہائشی محمد خالد اور نواحی علاقہ چکی موڑ کے رہائشی محمد جمشید کے ورثاء سے اظہار تعزیت کے لئے اُن کی رہائش گاہوں پر پہنچ گئے جہاں انہوں نے مقتولین کے ورثاء سے ملاقات کی۔ اس موقع پر محمد جمشید کے بھائی اور کمسن بیٹے محمد سرفراز نے بتایا کہ ابھی تک ہمیں اپنے پیاروں کے جسد خاکی وصول نہیں ہوئے ہیں۔ اور نہ ہی حکومت کی جانب سے ہماری دادرسی کے لئے کوئی اقدامات کئے گئے ہیں ۔
اس موقع پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے محمد علی درانی نے کہا کہ ایران میں دہشت گردوں کے ہاتھوں آٹھ پاکستانیوں کی ہلاکت ایک المیہ ہے۔ انہوں نے کہا یہ غریب محنت کش اپنے علاقوں میں روز گار نہ ملنے کی وجہ سے باہر کا رخ کرتے ہیں۔ انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ فی الفور محمد جمشید اور محمد خالد کے ورثاء لئے ایک ایک کروڑ امداد کا اعلان کرے۔ انہوں نے کہا ایران کو بھی چاہیے کہ وہ اس واقع میں ملوث دہشت گردوں کو گرفتار کر کے کیفر کردار تک پہنچائے ۔ انہوں نے کہا کہ وہ بھی ایرانی سفیر سے اس سلسلہ میں ملاقات کر کے اُن سے مذمت کریں گے ۔ اس موقع پر محمد علی درانی کی اہلیہ نے بھی ورثاء کی خواتین سے ملاقات کر کے اُن سے دلی تعزیت کا اظہار کیا۔