دنیا میں جاری اسلاموفوبیا کی لہر کا مقابلہ کرنے کے لیے آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی تعلیمات پر عمل لازم ہے علامہ سید حامد سعید کاظمی
حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی سیرت طیبہ ہم سب کے لیے مشعل راہ ہے اوچ شریف میں جماعت اہل سنت کے زیر اہتمام منعقدہ محفل میلاد النبی کی مرکزی تقریب سے خطاب
اوچ شریف (کرائم رپورٹر) ممتاز عالم دین و سابق وفاقی وزیر علامہ سید حامد سعید کاظمی نے کہا ہے کہ حضور خاتم النبیین صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی سیرت طیبہ ہم سب کے لیے مشعل راہ ہے، دنیا میں جاری اسلاموفوبیا کی لہر کا مقابلہ کرنے کے لیے آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی تعلیمات پر عمل لازم ہے۔ وہ گزشتہ روز اوچ شریف میں جماعت اہل سنت کے زیر اہتمام منعقدہ محفل میلاد النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی مرکزی تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔ سید حامد سعید کاظمی نے کہا کہ کسی کی دل آزاری نہ کرنا نبی کریم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی تعلیمات کا خلاصہ ہے، انہوں نے کہا کہ ہم سب کو چاہیے کہ سیرت طیبہ پر عمل پیرا ہوں تاکہ دنیا اور آخرت میں کامیاب ہوں. انہوں نے کہا کہ آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی آمد سے دنیا میں جہالت اور گمراہی کے اندھیرے چھٹ گئے۔ مفتی ارشاد حسین سعیدی نے اظہار خیال کرتے ہوئے حضرت محمد صل اللہ علیہ والہ وسلم کے سیرت مبارکہ بیان کی. انہوں نے کہا کہ آنحضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم رحمت العالمین بنا کر بھیجے گئے. آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی صفات مبارکہ اور حسن اخلاق سے دشمن بھی متاثر تھے. اس موقع پر علامہ مفتی سراج احمد سعیدی، علامہ عبدالستار سعیدی، دیوان سید گل حسن بخاری، شیخ الحدیث مولانا مفتی ڈاکٹر تنویر احمد مدنی سمیت دیگر علماء کرام نے بھی خطاب کیا اور آنحضور صلی اللہ علیہ والہ وسلم کی سیرت طیبہ بیان کی۔ قبل ازیں محفل میلاد کا آغاز تلاوت کلام پاک سے ہوا، جس کی سعادت قاری رفیق احمد درانی نے حاصل کی، ملک کے معروف نعت خواں حضرات جہانزیب قادری اور حسن رضا نے بارگاہ رسالت مآب صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم میں گل ہائے عقیدت پیش کیے، جب کہ تقریب میں نقابت کے فرائض علامہ طحہ یسین سومرو نے سرانجام دیے۔ اس موقع پر صدر جماعت اہل سنت اوچ شریف و ممبر ضلعی امن کمیٹی حاجی غلام یٰسین سومرو، اسسٹنٹ کمشنر احمد پور شرقیہ عثمان امین، چیف آفیسر میونسپل کمیٹی اوچ شریف قاضی محمد نعیم، ایس ایچ او لطیف جھورڑ، سابق چیئرمین میونسپل کمیٹی سید سبطین حیدر بخاری، راشد شبیر حیدر بخاری، سید محبوب عالم بخاری، چوہدری فیاض احمد سعیدی، چوہدری آفتاب سعیدی اور ارشاد احمد سعیدی سمیت سیاسی و سماجی شخصیات، انجمن تاجران و سول سوسائٹی کے عہدے داران و نمائندگان اور عاشقان مصطفٰی بڑی تعداد میں شریک تھے۔ بعدازاں درود و سلام پیش کیا گیا.