کمشنر آفس بہاول پور سے ڈیرہ غازی خان، تونسہ شریف اور راجن پور کے سیلاب متاثرین کے لئے پینے کے صاف پانی اور اشیائے خوردونوش کے ٹرک روانہ

بہاول پور:28/اگست( )کمشنر بہاول پور ڈویژن راجہ جہانگیر انور نے کہا ہے کہ ملک بھر میں اس وقت مون سون بارشوں کی زیادتی کے سبب سیلابی صورتحال پیدا ہو چکی ہے اور دکھ و آزمائش کی اس گھڑی میں متاثرین سیلاب کو جانی و مالی نقصان کا سامناہے۔ وزیر اعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الٰہی کی ہدایت پر متاثرین سیلاب کے لئے فلڈ ریلیف فنڈ قائم کر دیا گیا ہے اور حکومتی سطح پر سیلاب متاثرین کی ہر ممکن امداد کا سلسلہ جاری ہے۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ حکومت کے ساتھ ساتھ مخیر حضرات اور ادارے بھی ایثار اوربھائی چارے کا مظاہرہ کرتے ہوئے متاثرین سیلاب کی امداد و دادرسی کے لئے جاری فلڈ ریلیف سرگرمیوں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں اورانفرادی و اجتماعی طور پر اپنے عطیات متاثرین سیلاب تک پہنچانے میں حکومت کے شانہ بشانہ کھڑے ہوں تاکہ متاثرین سیلاب کو دوبارہ سے اپنے پاؤں پر کھڑا کیا جا سکے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے آج یہاں ضلعی انتظامیہ بہاول پور اور بہاول پور کی عوام کی جانب سے کمشنر آفس بہاول پور سے ڈیرہ غازی خان، تونسہ شریف اور راجن پور کے سیلاب متاثرین کے لئے پینے کے صاف پانی اور اشیائے خوردونوش کے ٹرک روانہ کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر ڈپٹی کمشنر بہاول پور زاہد پرویز وڑائچ، اسسٹنٹ کمشنر جنرل لیاقت علی گیلانی،ڈائریکٹر پبلک ریلیشنز ڈاکٹر ناصر حمید،انچارج ریسکیو1122 باقر حسین، اسسٹنٹ کمشنر بہاول پور سٹی نعیم صادق چیمہ اور اسسٹنٹ کمشنر بہاول پور صدر محمد طیب سمیت مخیرحضرات موجود تھے۔کمشنر بہاول پور ڈویژن راجہ جہانگیر انور نے متاثرین سیلاب کے لئے ضلعی انتظامیہ بہاول پور اور مخیر حضرات کی جانب سے 1400 تھیلے آٹا، 1500 تھیلے خشک راشن اور ایک ٹرک منرل واٹر کی بوتلوں سمیت دیگر امدادی سامان پر مشتمل 6 ٹرک روانہ کئے۔انہوں نے کہا کہ ضلع رحیم یار خاں میں ممکنہ سیلابی ریلے کے خدشہ کے پیش نظر تمام تر حفاظتی اقدامات مکمل کر لئے گئے ہیں جبکہ جنوبی پنجاب کے علاقوں تونسہ، ڈیرہ غازی خان اور راجن پور میں بارشوں اورسیلاب سے بڑے پیمانے پر تباہی ہوئی ہے۔کمشنر بہاول پور نے کہا کہ مشکل وآزمائش کی اس گھڑی میں حکومت پنجاب متاثرین سیلاب کے ساتھ کھڑی ہے اورسیلاب سے متاثرہ آخری شخص کی بحالی تک امداد و ریلیف کا یہ سلسلہ جاری رہے گا۔انہوں نے مزید کہا کہ فلڈ ریلیف سرگرمیوں کے لئے بہاول پور ڈویژن میں ایڈیشنل کمشنر رابطہ فیصل عطاء خان کو فوکل پرسن مقرر کیا گیا ہے۔کمشنر بہاول پور نے کہا کہ مخیرحضرات و ادارے امدادی رقوم و سامان بھجوانے کے لئے انتظامیہ سے مشاورت کریں تاکہ امدادی سامان مستحقین تک باحفاظت پہنچایا جا سکے۔ انہوں نے صاحب ثروت افرادسے اپیل کی کہ سیلاب متاثرین کی مدد کے لئے بڑھ چڑھ کر حصہ لیں اوراہلیان بہاول پور سیلاب متاثرین کی امداد کے لئے قائم فلڈ ریلیف فنڈ میں دل کھول کر اپنا حصہ ڈالیں۔ ڈپٹی کمشنر بہاول پور زاہد پرویز وڑائچ نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ ضلعی انتظامیہ اور مخیر حضرات کے تعاون سے سیلاب متاثرین کو ہر ممکن ریلیف کی فراہمی کے لئے اقدامات جاری ہیں اور اس سلسلہ میں اہلیان بہاول پور کا جذبہ ایثار اور کاوشیں قابل تقلید اور دیدنی ہے۔