اوچشریف: موسم سرد ہوتے ہی مچھلی ، ابلے انڈے ، یخنی ، سوپ اور چکن روسٹ کی قیمتوں میں اضافہ

اوچ شریف (نامہ نگار) اوچشریف شہر میں موسم سرد ہوتے ہی مچھلی ، ابلے انڈے ، یخنی ، سوپ اور چکن روسٹ کی قیمتوں میں اضافہ ، غریب اور متوسط طبقہ کی پہنچ سے باہر ، خریداری سے قاصر ، سردی سے بچاؤ کے لیے قدرت کی ان نعمتوں سے محروم ، قیمتوں میں کمی کا مطالبہ ۔
تفصیل کے مطابق موسم سرد ہوتے ہی اوچشریف شہر بھر میں یخنی ، سوپ ، ابلے انڈے ، چکن روسٹ ، روسٹ فش کی خریداری میں اضافہ ہو گیا ہے جبکہ دکانداروں کی جانب سے قیمتوں میں 50 فیصد تک اضافہ کر دیا گیا گزشتہ سال کی نسبت رواں سال مزید 50 فیصد تک قیمتوں میں اضافے نے شہریوں کو چکرا کر رکھ دیا ہے اسپیشل سوپ پیالہ 30 روپے سے 80 روپے، سادہ سوپ 60، یخنی پیالہ 20 روپے سے 50 ، انڈے کے ساتھ یخنی 70،جبکہ یخنی کے ساتھ مرغی ، کلیجی ، پوٹہ ، لیگ ، سینہ ، گردن کی الگ الگ قیمتیں مقرر کی گئی ہیں روسٹ مرغ اور فش کے مختلف اقسام کی قیمتوں میں بھی مزید اضافہ ہوا ہے جو غریب اور متوسط طبقہ کی پہنچ سے باہر ہے جس کی وجہ سے غریب اور متوسط طبقہ سردی کی شدت سے بچنے کے لیے ان کی خریداری سے قاصر اور خدا کی ان نعمتوں سے محروم ہے انہوں نے ارباب اختیار سے قیمتوں میں کمی کا مطالبہ کیا ہے۔