بہاولپور ڈویژن میں گزشتہ چھ دنوں کے دوران مستحق خاندانوں میں 10 کلوآٹے کے 866 566 تھیلے تقسیم کئے گئے

بہاول پور 24/مارچ ( )حکومت پنجاب کی جانب سے بہاول پور ڈویژن میں مستحق خاندانوں میں گزشتہ 6 دنوں (18 مارچ سے23 مارچ)کے دوران 10کلوگرام آٹا کے 866566تھیلے مفت فراہم کیے گئے ہیں اور دس کلوگرام آٹا کے تھیلے کی مفت فراہمی مقررکردہ ڈسٹری بیوشن پوائنٹس اور یوٹیلٹی سٹورکے مختص پوائنٹس سے جاری ہے۔ ڈپٹی کمشنر ظہیر انور جپہ نے گورنمنٹ عباسیہ ہائیر سیکنڈری سکول، ڈرنگ اسٹیڈیم بہاول پوراور عیدگاہ میں قائم آٹا ڈسٹری بیوشن سنٹرز کا اچانک دورہ کیا۔ انھوں نے آٹا کی تقسیم کے امور کا جائزہ لیا۔ انہوں نے آٹا تقسیم کرنے کے پوائنٹس پر تعینات عملہ کو ہدایت کی کہ کم وقت میں زیادہ افراد کو آٹا فراہم کیا جائے اور تمام امور شفاف طریقہ سے انجام دئیے جائیں۔ ڈپٹی کمشنر نے آٹا حاصل کرنے والے افراد کی سہولت کے لیے بیٹھنے کے لیے کرسیاں، سایہ کے لیے ٹینٹ اور قائم کاؤنٹرز کا معائنہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ آٹا حاصل کرنے والے بزرگ افراد آٹا ڈسٹری بیوشن سنٹر میں قائم انتظارگاہ میں بیٹھیں تاکہ انہیں آٹا لینے میں دشواری کا سامنا نہ ہو۔ اس موقع پر بتایا گیا کہ 18 مارچ سے23 مارچ کے دوران بہاول پور ضلع میں 10 کلوگرام کے306420 آٹا کے تھیلے مفت تقسیم کیے گئے ہیں۔ بہاول نگر ضلع میں اس دوران 10کلوگرام آٹا کے 261442 تھیلے مستحق گھرانوں میں مفت تقسیم کیے گئے ہیں جبکہ ضلع رحیم یارخاں میں 10کلوگرام آٹا کے 298704تھیلے مفت فراہم کیے جا چکے ہیں۔