دریا ستلج میں ممکنہ سیلاب تحصیل احمد پور شرقیہ کے نو فلڈ ریلیف کیمپس سمیت ضلع بھر میں 19 فلڈ ریلیف کیمپ قائم کر دیے گئے 1042 افراد محفوظ مقامات پر منتقل: ڈپٹی کمشنر ظہیر انور جپہ

بہاول پور:19/ اگست ڈپٹی کمشنربہاول پور ظہیرانور جپہ نے کہا ہے کہ دریائے ستلج میں ممکنہ سیلاب کی آمد سے قبل دریائی پٹی کی آبادیوں کی محفوظ مقامات پر منتقلی کا عمل تیزی سے جاری ہے۔یہ بات انہوں نے آج یہاں اپنے دفتر میں سیلاب سے بچاؤ کے حوالہ سے بروئے کار لائے گئے حفاظتی اقدامات بارے میڈیا بریفنگ دیتے ہوئے بتائی۔ ڈپٹی کمشنر بہاول پور نے عوام الناس سے اپیل کی ہے کہ وہ انتظامیہ کے ساتھ تعاون کریں اور مال مویشیوں سمیت محفوظ مقامات پر تیزی سے منتقلی کو یقینی بنائیں۔ڈپٹی کمشنر نے تازہ ترین صورتحال بارے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ اس وقت ہیڈ گنڈا سنگھ والا کے مقام پر 2لاکھ 78ہزار کیوسک سے زائد، ہیڈ سلیمانکی کے مقام پر 78ہزار کیوسک سے زائد جبکہ ہیڈ اسلام کے مقام پر 30ہزار کیوسک سے زائد پانی کا ڈسچارج رپورٹ ہوا ہے۔ڈپٹی کمشنر نے بتایا کہ دریائی علاقوں میں آباد لوگوں کوہر ممکن ریلیف فراہم کرنے کے لئے ضلع بھر میں 19 فلڈ ریلیف کیمپس قائم کر دیئے گئے ہیں جن میں سے 9 فلڈ ریلیف کیمپس احمد پور شرقیہ کے دریائی علاقوں میں،5 فلڈ ریلیف کیمپس بہاول پور میں، 2 فلڈ ریلیف کیمپس خیر پور ٹامیوالی میں جبکہ3 فلڈ ریلیف کیمپس حاصل پور کے دریائی علاقوں میں قائم کئے گئے ہیں جہاں متعلقہ عملہ بھی تعینات کر دیا گیا ہے۔ ڈپٹی کمشنر بہاول پور نے بتایا کہ ممکنہ سیلاب کے علاقوں میں سے اب تک 1042افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا ہے۔نیز ضلع بھر میں موجود زمیندارہ بند کوبھی مضبوط بنایا گیا ہے۔ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ عوام الناس کی جان و مال کی حفاظت حکومت کی اولین ترجیح ہے اور اس سلسلہ میں ضلعی انتظامیہ، محکمہ ریونیو، ریسکیو 1122، محکمہ انہار اور دیگرتمام متعلقہ محکمے فیلڈ میں متحرک ہیں۔انہوں نے مزید بتایا کہ ممکنہ سیلاب سے متاثرہو سکنے والے مواضعات سے لوگوں اور ان کے مال مویشیوں کے لئے فلڈ ریلیف کیمپس میں میڈیکل اور لائیو سٹاک کیمپس بھی قائم کر دیئے گئے ہیں جہاں وافر مقدار میں ادویات کی دستیابی سمیت میڈیکل آفیسرز اور پیرامیڈیکل سٹاف اپنی ذمہ داریوں کی ادائیگی کے لئے مامور ہیں۔انہوں نے بتایا کہ مال مویشیوں کی حفاظتی ویکسینیشن سمیت جانوروں کے لئے ادویات اور چارے کا انتظام بھی کیا گیا ہے۔ڈپٹی کمشنر بہاول پور نے اس عزم کا اظہار کیا کہ فلڈ ریلیف کیمپس میں آنے والے تمام افراد کو ہر ممکن سہولیات فراہم کی جائیں گی۔ ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر ریسکیو 1122باقر حسین نے اس موقع پرمیڈیا نمائندگان کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ ریسکیو 1122کی جانب سے ضلع بہاول پور میں ممکنہ سیلابی صورتحال سے نبردآزما ہونے کے لئے 118ریسکیورز ڈیوٹی پر موجود ہیں جبکہ 20واٹربوٹس سمیت دیگر ضروری ریسکیو اینڈ سیفٹی سازوسامان بھی مہیا کر دیا گیا ہے۔