Advertisements

سکول اولمپکس گیمز کا فائنل مرحلہ بہاول پور ڈویژن کے نام۔ ہاکی، فٹ بال، والی بال، ٹیبل ٹینس اور بیڈمنٹن کے مقابلوں میں بہاول پور کے نواب، بہاول نگر کے برق رفتار اور رحیم یار خان کے یاران چھا گئے

Final round of School Olympics Games
Advertisements

ملتان (نوائے احمد پور شرقیہ رپورٹ/ ہفتہ، مورخہ 13 نومبر 2021ء) سکول اولمپکس گیمز کا فائنل مرحلہ بہاول پور ڈویژن کے نام۔ ہاکی، فٹ بال، والی بال، ٹیبل ٹینس اور بیڈمنٹن کے مقابلوں میں بہاول پور کے نواب، بہاول نگر کے برق رفتار اور رحیم یار خان کے یاران چھا گئے۔ والی بال کے فائنل میں رحیم یار خان کی گرلز ٹیم نے وہاڑی جب کہ بہاول نگر کی بوائز ٹیم نے بہاول پور کو شکست دے دی، ہاکی میں بہاول پور کی گرلز ٹیم نے بہاول نگر اور بوائز ٹیم نے رحیم یار خان کو پچھاڑ دیا۔ فٹ بال کا فائنل رحیم یار خان کے نام، گرلز کیٹیگری میں بیڈمنٹن کے فائنل مقابلوں میں بہاول پور پہلے، بہاول نگر دوسرے اور رحیم یار خان تیسرے نمبر پر، بوائز کیٹیگری میں بہاول پور نے فائنل میچ میں وہاڑی کو شکست دے دی۔

تفصیلات کے مطابق سکول ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ جنوبی پنجاب کے زیر اہتمام منعقدہ سکول اولمپکس گیمز میں والی بال کے گرلز کیٹیگری کے مقابلوں میں رحیم یار خان نے وہاڑی کی ٹیم کو صفر کے مقابلے میں تین پوائنٹس سے شکست دے کر فائنل میچ جیت لیا۔ تیسری پوزیشن کے لیے کھیلے جانے والے میچ میں خانیوال نے صفر کے مقابلے میں تین پوائنٹس سے بہاول نگر کی ٹیم کو شکست دے دی۔

Advertisements

اسی طرح بوائز کیٹیگری میں بہاول نگر نے بہاول پور کی ٹیم کو شکست دے کر فائنل جیت لیا، تیسری پوزیشن کے میچ میں رحیم یار خان نے ڈیرہ غازی خان کو شکست دے کر میچ جیت لیا۔ گرلز کیٹیگری میں ہاکی کے فائنل میں بہاول پور نے 6-0 سے بہاول نگر کو شکست دے دی جبکہ تیسری پوزیشن کے لیے کھیلے جانے والے میچ میں ملتان نے وہاڑی کی ٹیم کو 1-0 گول سے شکست دے دی۔

بوائز کیٹیگری میں بہاول پور نے رحیم یار خان کو 2-0 سے شکست دے کر فائنل جیت لیا، جب کہ خانیوال نے ڈیرہ غازی خان کو 1-0 سے شکست دے کر تیسری پوزیشن حاصل کی۔ فٹ بال مقابلوں میں رحیم یار خان نے بہاول نگر کو 1-0 سے شکست دے کر فائنل جیت لیا، تیسری پوزیشن کے میچ میں لیہ نے 3-0 سے خانیوال کو شکست دے دی۔ گرلز کیٹیگری میں بیڈمنٹن کے فائنل میچ میں بہاول پور نے 2-0 پوائنٹس سے بہاول نگر کی ٹیم کو شکست دے دی جب کہ رحیم یار خان نے ملتان کو صفر کے مقابلے میں تین پوائنٹس سے ہرا کر تیسری پوزیشن حاصل کی۔

بوائز کیٹیگری میں بہاول پور کی بیڈمنٹن ٹیم نے وہاڑی کو شکست دے کر فائنل میچ جیت لیا جب کہ ملتان نے لیہ کو شکست دے کر تیسری پوزیشن حاصل کی۔ گرلز کیٹیگری میں ٹیبل ٹینس کے فائنل مقابلوں میں خانیوال نے بہاول پور کو 3-2 سے شکست دے کر فائنل میچ جیت لیا۔ رحیم یار خان نے بہاول پور کو 2-1 سے شکست دے کر تیسری پوزیشن حاصل کی۔

سکول اولمپکس گیمز کے تحت ہونے والی بوائز اتھلیٹکس چمپیئن شپ کے مقابلوں میں 800 میٹر ریس کی کیٹیگری میں لیہ کے محمد رمضان نے پہلی پوزیشن حاصل کر کے طلائی تمغہ حاصل کیا، ملتان کے علی نواز نے چاندی جبکہ راجن پور کے سکندر عباس نے کانسی کا تمغہ حاصل کیا۔ شاٹ پٹ (گولہ پھنکنے ) کے مقابلوں میں بہاول پور کے احمد ارشاد نے طلائی تمغہ، بہاول پور کے محمد ذین نے چاندی اور لودھراں کے شعیب مرید نے کانسی کا تمغہ حاصل کیا۔

ڈیسک تھرو (تھالی پھنکنے) کے مقابلوں میں بہاول نگر کے مدثر امان نے پہلی پوزیشن حاصل کر کے طلائی تمغہ حاصل کیا جبکہ ڈیرہ غازی خان کے محمد زبیر نے چاندی اور بہاول پور کے محمد ذین نے کانسی کا تمغہ حاصل کیا۔ ہائی جمپ کی کیٹیگری میں خانیوال کے محمد سبحان نے طلائی، بہاول نگر کے عامر حسین نے چاندی اور بہاول نگر ہی کے محمد ثمر نے کانسی کا تمغہ حاصل کا۔ لانگ جمپ کی کیٹیگری میں لیہ کے محمد توصیف نے طلائی، خانیوال کے محمد سبحان نے چاندی اور وہاڑی کے مزمل طاہر نے کانسی کا تمغہ حاصل کیا۔