اوچ شریف میں کھاد بحران ، یوریا مارکیٹ سے غائب ، سٹاک مافیا مالا مال
اوچ شریف (نامہ نگار) اوچ شریف میں کھاد بحران ، یوریا مارکیٹ سے غائب ، سٹاک مافیا مالا مال ، چینی بحران کی طرح کھادوں کے ریٹ بھی من مانے ، ڈیلروں نے آنکھیں ماتھے پر رکھ لیں ، علاقے میں ہزاروں ایکڑ کاشت گندم کے لیے کم کھادوں کا استعمال ، گندم کے بحران کا شدید خطرہ ، کاشتکاروں میں شدید تشویش ، ارباب اختیار سے سرکاری نرخوں پر کھاد کی فراہمی یقینی بنانے کا مطالبہ ۔
تفصیل کے مطابق اوچشریف شہر میں مارکیٹوں سے یوریا کھاد غائب کر دی گئی ہے تشویش میں مبتلا کاشتکاروں نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ اوچشریف کے گردونواح کے علاقوں میں ہزاروں ایکڑ رقبہ پر گندم کی فصل کاشت ہورہی ہے جبکہ کھادیں بلیک میں فروخت ہونے کی وجہ سے کاشتکار اپنی زمین میں کم کھاد کے استعمال پر مجبور ہے جس سے گندم کا مقررہ ہدف پورا نہ ہونے اور شدید بحران کا خدشہ ہے مزید ان کا کہنا تھا کہ روزانہ ہزاروں بوریاں کھاد فیکٹری سے نکلنے کے باوجود بلیک مافیا کی جانب سے زراعت جیسے قیمتی ستون کو دیوار کے ساتھ لگانے کے لیے اسے اپنے گوداموں میں سٹاک کیا جا رہا ہے تاکہ بلیک میں فروخت کر کے من مانے دام وصول کیے جا سکیں جس کی وجہ سے گندم کی کاشت شدید متاثر ہونے کا خدشہ ہے اور حکومت کی گندم کی پیداوار بڑھاءو پالیسی ناکامی کی راہ پر گامزن ہے جبکہ چمک کے باعث محکمہ زراعت توسیع اوچ شریف کاروائی سے گریزاں ہے انہوں نے ارباب اختیار سے اوچشریف شہر میں کنٹرول ریٹ پر کھاد کی فراہمی کو یقینی بنانے کا مطالبہ کیا ہے