جنوبی پنجاب میں ضلعی سطح پر خاتون محتسب کے دفاتر جلد قائم کیے جا رہے ہیں صوبائی خاتون محتسب پنجاب
نبیلہ حاکم علی خان کا ریجنل آفس بہاولپور کا دورہ خواتین کے وراثتی جائیداد کے 16 اورورک پلیس پر ہراسمنٹ کے 4 کیسز کی سماعت کی
بہاول پور:7/ جنوری ( ) صوبائی خاتون محتسب پنجاب نبیلہ حاکم علی خان نے ریجنل آفس بہاولپور کا دورہ کیا۔ انہوں نے خواتین کے وراثتی جائیداد کے 16 کیسز اورورک پلیس پر ہراسمنٹ کے 4 کیسز کی سماعت کی۔ وراثتی جائیداد کے 9 کیسز میں خواتین کو ان کی اراضی کا قبضہ واگزار کروا کے دلوایا گیا جس کی مالیت کروڑوں روپے ہے۔
صوبائی خاتون محتسب نبیلہ حاکم نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ خواتین کو وراثتی حق سے کسی صورت محروم نہیں کیا جاسکتا۔انہوں نے کہا کہ پنجاب میں خاتون محتسب کے 9 ریجنل دفاتر کام کر رہے ہیں اور جنوبی پنجاب میں ضلعی سطح پر بھی خاتون محتسب کے دفاتر جلد قائم کیے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت پنجاب خواتین کی فلاح و بہبود کے لئے اہم اقدامات کر رہی ہے۔ خواتین کو تحفظ فراہم کرنا اور انہیں معاشی طور پر مستحکم کرنا ہماری ذمہ داری ہے تاکہ وہ زندگی کے ہر میدان میں باوقار اور پراعتماد انداز میں آگے بڑھ سکیں۔
اس موقع پر بتایا گیا کہ گزشتہ دو سال کے دوران ریجنل آفس خاتون محتسب بہاول پور میں پراپرٹی کے ڈھائی سو سے زائد کیسز کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ اس موقع پر کنسلٹنٹ محتسب جنوبی پنجاب، پی ایس او صوبائی محتسب اور لا ء آفیسر بھی موجود تھے