وفاقی محتسب ریجنل آفس بہاولپور میں ایڈوائزر شوکت محمود کی مختلف وفاقی محکموں اور اداروں کے خلاف دائر عوامی شکایات کی سماعت
سماعت کے دوران میپکو ڈویژن حاصل پور اور احمد پور شرقیہ سے متعلق 40 سے زائد مقدمات زیر سماعت آئے شکایات کے فوری ازالے کے لیے ضروری ہدایات جاری کیں
جن پور (نامہ نگار ) وفاقی محتسب ریجنل آفس بہاولپور میں ایڈوائزر شوکت محمود نے مختلف وفاقی محکموں اور اداروں کے خلاف دائر عوامی شکایات کی سماعت کی۔ سماعت کے دوران میپکو ڈویژن حاصل پور اور احمد پور شرقیہ سے متعلق 40 سے زائد مقدمات زیر سماعت آئے سائلین نے بجلی کے بلوں، میٹرز اور کنکشنز سے متعلق مسائل، انشورنس کلیمز، مالی امداد کی ادائیگیوں، ریلوے سے متعلق شکایات اور دیگر انتظامی معاملات پر اپنے تحفظات اور مسائل پیش کیے۔
ایڈوائزر شوکت محمود نے تمام مقدمات کا تفصیلی جائزہ لیتے ہوئے متعلقہ اداروں کے نمائندگان کو شکایات کے فوری اور مؤثر ازالے کے لیے ضروری ہدایات جاری کیں۔ سماعت کے دوران متعدد مقدمات میں موقع پر ہی فیصلے سنائے گئے جبکہ کئی کیسز میں متعلقہ محکموں کو فوری کارروائی کرنے اور سائلین کے جائز حقوق کی فراہمی یقینی بنانے کا پابند بنایا گیا۔ ان اقدامات کے نتیجے میں متاثرہ شہریوں کو لاکھوں روپے مالیت کا ریلیف فراہم کیا گیا، جس پر سائلین نے اطمینان اور خوشی کا اظہار کیااس موقع پر ایڈوائزر شوکت محمود نے کہا کہ وفاقی محتسب کا ادارہ عوام کو مفت، فوری اور بلاامتیاز انصاف کی فراہمی کے لیے بھرپور کردار ادا کر رہا ہے۔ انہوں نے متعلقہ اداروں کے افسران کو ہدایت کی کہ عوامی شکایات کے حل میں غیر ضروری تاخیر سے گریز کیا جائے اور شہریوں کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے تاکہ عوام کا اعتماد مزید مضبوط ہو سماعت کے اختتام پر سائلین نے اپنے مسائل کے فوری حل اور مؤثر داد رسی پر وفاقی محتسب جناب نوید کامران بلوچ، ریجنل ہیڈ و ساؤتھ پنجاب کوآرڈینیٹر ڈاکٹر محمد زاہد اور ایڈوائزر شوکت محمود کا خصوصی شکریہ ادا کیا۔ سائلین کا کہنا تھا کہ وفاقی محتسب کا ادارہ عوام کے لیے امید کی کرن بن چکا ہے اور مختلف وفاقی محکموں کے خلاف شکایات کے فوری ازالے کے ذریعے عام شہریوں کو ان کے جائز حقوق دلانے میں اہم کردار ادا کر رہا ہے

