Advertisements

وفاقی وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی آغا حسن بلوچ کی وائس چانسلر اسلامیہ یونیورسٹی انجینئر پروفیسر ڈاکٹر اطہر محبوب سے ملاقات

Minister science and technology meeting with wvc iub
Advertisements

وفاقی وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی آغا حسن بلوچ نے اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور کے تحقیقی منصوبوں کو قومی امنگوں اور ترجیحات کا عکاس قرار دیا ہے۔ وفاقی وزیر نے ان خیالات کا اظہار وائس چانسلر اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور انجینئر پروفیسر ڈاکٹر اطہر محبوب سے اپنے دفتر میں ایک ملاقات کے دوران کیا۔ اس موقع پر وائس چانسلر نے وفاقی وزیر کو یونیورسٹی میں جاری تحقیقی سرگرمیوں اور انفارمیشن ٹیکنالوجی کے منصوبوں اور ترقیاتی سرگرمیوں سے آگاہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور کپاس کی ورائٹیوں اور بیجوں کی تیاری کے حوالے سے عالمی شہرت حاصل کر چکی ہے۔ اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور کی کپاس کی اقسام پنجاب کے کاشت کے چالیس فیصد سے زائد رقبے پر اُگائی جا رہی ہے۔ کپاس کی یہ اقسام ملک میں ٹیکسٹائل کی صنعت کی بحالی میں کلیدی کردار کے حامل ہیں۔سویابین اور مکئی کی انٹرکراپنگ کا منصوبہ چین کی یونیورسٹی کے تعاون سے جاری ہے اگر اس منصوبے پر عمل درآمد کیا جائے تو پاکستان خوردنی تیل اور پولٹری فیڈ کی درآمد کی مد میں اربوں ڈالر کا زر مبادلہ بچا سکتا ہے۔ چولستان کے سات ملین ایکڑ رقبے کو بارش میں اضافے کے منصوبے سے پاکستان کی فروٹ باسکٹ میں تبدیل کیا جا سکتا ہے۔ وفاقی وزیر نے کہا کے وہ ان منصوبوں کو عملی شکل دینے کے لئے وفاقی سطح پر بات چیت کریں گے۔ وائس چانسلر نے اس موقع پر انہیں بتایا کہ اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور آئی ٹی کے میدان میں بھی نمایاں کام کر رہی ہے۔ اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور کی ٹیسٹنگ سروس ریکروٹمنٹ اور داخلوں کے لیے دوسرے اداروں اور جامعات کو خدمات فراہم کر رہی ہے۔ صوبائی حکومت کے تعاون سے ای روزگار اور دیگر منصوبوں کے ذریعے سینکڑوں آئی ٹی پروفیشنل تیار کئے گئے۔ اسی طرح ٹیک پورا کا منصوبہ بھی آئی کے میدان میں بہاولپور کے لئے سنگ میل کی حیثیت رکھتا ہے۔ وفاقی وزیر آغا حسن بلوچ نے کہا کہ اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور کی یہ کامیابیاں مثالی ہیں اور وہ جلد یونیورسٹی کا دورہ کر کے ان منصوبوں کا مشاہدہ کریں گے اور اساتذہ اور طلباء سے ملاقات کریں گے۔