Advertisements

صادق پبلک سکول، سر صادق محمد خان عباسی کی بصیرت، لگن اورعزمِ صمیم کا عکاس ہے میاں ریاض حسین پیرزادہ

Federal Minister for Housing Mian Riaz Hussain Pirzada attends Sadiq Public Schiool 71th Founders day ceremony
Advertisements

 میرا صادقین ہونے کے ناطے صادق پبلک سکول سے دیرینہ تعلق ہے۔ ”صادق” نے ہی مجھے اس مقام تک پہنچانے میں اہم کردارادا کیاہے وفاقی وزیرِ ہاؤسنگ کا صادق پبلک سکول کے 71ویں یوم تاسیس کی تقریب میں خطاب , وفاقی وزیر نے وزیر اعظم پاکستان میاں شہباز شریف کی طرف سے سکول کے مختلف پراجیکٹس کے لیے 50 کروڑ کی گرانٹ کا اعلان کیا

سکول کے بانی نواب سر صادق محمد خان خامس عباسی کے پوتے شہزادہ عثمان داؤد عباسی کی طرف سے سکول کے لیے نئی ٹرافی "ہز ہائنس سر صادق محمد خان عباسی کپ فار ایکسیلنس” جاری کیا گیا۔ اس سال کے لیے یہ ٹرافی شہزادہ گزین عباسی  ایم پی اے کے ہاتھوں  یہ ایکسیلنس کپ رمیشہ محمود  کو دیا گیا

Advertisements

شہزادہ عثمان داؤد عباسی کی طرف سے صادق پبلک سکول کے لیے "ہز ہائنس سر صادق محمد خان عباسی کپ فار ایکسیلنس” جو شہزادہ گزین عباسی ایم پی اے نے رمیشہ محمود کو دیا


بہاول پور:  میاں ریاض حسین پیرزادہ وفاقی وزیرِ ہاؤسنگ  نے صادق پبلک سکول کے 71ویں یومِ تاسیس کے موقع  پر مہمانِ خصوصی کی حیثیت سے  شرکت کی۔  انہوں نے اپنی تقریر میں کہا کہ صادق پبلک سکول، سر صادق محمد خان عباسی خامس کی بصیرت، لگن اورعزمِ صمیم کا عکاس ہے۔ سر صادق عظیم انسان دوست  شخصیت تھے جنہوں نے عظیم تعلیمی مقصد کے لیے اس بے مثال درس گاہ کے قیام کے لیے دامے، دِرمے، قدمے، سخنے تعاون پیش کیا۔ یہ ادارہ اپنی شاندار روایات اور تابناک ماضی پر بجا طور پر فخر کر سکتا ہے۔ اس اداریسے ایسی نامور شخصیات فارغ التحصیل ہوئی ہیں جنہوں نے زندگی کے ہر شعبے میں نمایاں مقام حاصل کیا ہے۔ حتیٰ کہ آج کی اس تقریب میں بھی میں بہت سی ایسی ممتاز شخصیات کو دیکھ رہا ہوں جنہوں نے اس عظیم ادارے سے تعلیم حاصل کی ہے۔یہ سب اس ادارے کے اہم تاریخی کردار کی وجہ سے ہے جس کی  یہ قوم  توقع کرتی ہے کہ آپ اسی طرح اعلیٰ معیار کے افراد پیدا کرتے رہیں گے اور اخلاقی، ذہنی اور جسمانی تربیت کے اعلیٰ معیار کو یونہی برقرار رکھیں گے جو اس ادارے کی شناخت  اور تکریم کا باعث ہے۔ مزید براں مہمانِ خصوصی نے کہا کہ میرا صادقین ہونے کے ناطے صادق پبلک سکول سے دیرینہ تعلق ہے۔ ”صادق” نے ہی مجھے اس مقام تک پہنچانے میں اہم کردارادا کیاہے۔ مزید براں میاں ریاض حسین پیرزادہ نے کہا کہ میرے لیے آج کی پریڈ، اس عظیم درسگاہ کے ہیڈ بوائے اور ہیڈ گرل کی تقاریرانتہائی متاثر کن ہیں۔ اس موقع پر میں طلبہ، سٹاف اور سب سے بڑھ کر والدین کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ اس موقع پر وفاقی وزیر نے وزیر اعظم پاکستان میاں شہباز شریف کی طرف سے سکول کے مختلف پراجیکٹس کے لیے 50 کروڑ کی گرانٹ کا اعلان کیا۔

قبل ازیں سکول کے ہیڈ بوائے محمدزبیر اور ہیڈ گرل فاطمہ ارشد نے اپنی تقاریر میں سکول میں قیام کے دوران اپنی کامیابیوں کا تذکرہ کیا اور سکول میں گزرے لمحات کو بیان کیا۔اس کے بعد پرنسپل مسٹر ڈیوڈ ڈاؤڈلز نے اپنے سپاسنامے میں سکول کی نصابی، ہم نصابی اور غیر نصابی سرگرمیوں سے آگاہ کیا۔ سکول کے بانی نواب سر صادق محمد خان خامس عباسی کے پوتے شہزادہ عثمان داؤد عباسی کی طرف سے سکول کے لیے نئی ٹرافی ”ہز ہائنس سر صادق محمد خان عباسی کپ فار ایکسیلنس” جاری کیا گیا۔ اس سال کے لیے یہ ٹرافی شہزادہ گزین عباسی ایم پی اے کے ہاتھوں یہ ایکسیلنس کپ رمیشہ محمود کو دیا گیا۔تقریب تقسیم انعامات میں 150 سے زائد  طلبا وطالبات میں انعامات، شیلڈز اور گولڈ میڈل تقسیم کیے گئے۔ پرنسپل مسٹر ڈیوڈ ڈاؤڈلز نے مہمان خصوصی کو یادگاری شیلڈ پیش کی۔

پرنسپل مسٹر ڈیوڈ ڈاؤڈلز مہمان خصوصی وفاقی وزیرِ ہاؤسنگ میاں ریاض حسین پیرزادہ کو یادگاری شیلڈ پیش کر رہے ہیں

وفاقی وزیر میاں ریاض حسین پیرزادہ نے سکول کے طلبہ و طالبات کی طرف سے تیار کردہ مختلف سائنس پراجیکٹس کی نمائش کا افتتاح کیا اور طلبہ و طالبات کی اس اہم کارکردگی کو سراہا۔تقریب میں اولڈ صادقینز کے علاوہ ممبران بورڈ آف گورنرز،  ملک بھر سے آئے ہوئے طلبہ و طالبات کے والدین، اعلیٰ سرکاری افسران، سیاسی شخصیات اور عمائدین شہر نے شرکت کی جنہوں نے تقریب کو گہری دلچسپی سے دیکھا اور طلبہ و طالبات کی کارکردگی کو سراہا۔