صوبائی حکومت کی طرح وفاقی حکومت بھی سانحہ مری کے لواحقین کی مالی امداد کرے۔ شیخ ناصر سلیم (ایڈووکیٹ)

صوبائی حکومت کی طرح وفاقی حکومت بھی سانحہ مری کے لواحقین کی مالی امداد کرے، پاک فوج کو مری میں فوری امدادی کارروائیاں کرنے پر خراج تحسین پیش کرتے ہیں: شیخ ناصر سلیم (ایڈووکیٹ)
+اوچ شریف (نامہ نگار) ممتاز سماجی شخصیت، پنجاب کے مثالی کاشت کار و جنوبی پنجاب کی کامرس اینڈ ایگریکلچر کمیٹی کے سربراہ شیخ ناصر سلیم (ایڈووکیٹ) نے کہا ہے کہ سانحہ مری کے شہداء کے لواحقین کے لیے پنجاب حکومت کی جانب سے 15 کروڑ مالی امداد کا اقدام لائق تحسین ہے تاہم وفاقی حکومت کی جانب سے بھی شہداء کے لواحقین کی کم از کم 25 لاکھ فی کس مالی امداد فراہم کی جائے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنی رہائش گاہ پر صحافیوں سے ایک غیر رسمی بات چیت کے دوران کیا۔ انہوں نے کہا کہ شہداء مری کے لواحقین کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔ وفاقی و صوبائی حکومتوں کی طرف سے صادق آباد میں ملبے تلے دب کر جاں بحق 6 بچوں کے لواحقین اور دو زخمی بچوں کے ورثاء کی بھی خصوصی طور پر مالی امداد کی جائے۔
انہوں نے اپنی گفتگو میں کہا کہ ہم پاک فوج کے جوانوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں کہ جنہوں نے مری میں سیاحوں کو برفانی طوفان سے نکالنے کے لیے اقدامات کیے۔