فیاض حسین عباسی – بیوروکریسی میں انسان کی جھلک

پاکستان کے سرکاری نظام میں اکثر بیوروکریٹس کو دیکھا گیا ہے کہ وہ اپنے آپ کو عوام کے خادم کے بجائے حاکم سمجھنے لگتے ہیں۔ ان کے دفاتر تک عوام کی رسائی محدود، زبان کڑوی، اور انداز بالا دستی والا ہوتا ہے۔ مگر ایسے ماحول میں اگر کوئی نرم گو، عاجز، ایماندار اور فرض شناس افسر اپنے کام اور کردار سے نمایاں ہو جائے تو وہ نہ صرف عوام کا اعتماد جیتتا ہے بلکہ خود بیوروکریسی کے لیے بھی ایک مثبت مثال بن جاتا ہے۔ ایسے ہی افسروں میں ایک نام فیاض حسین عباسی کا ہے — ایک "انسان” جو سرکاری کرسی پر بیٹھ کر بھی اپنے اندر کا خلوص اور خدمت کا جذبہ زندہ رکھے ہوئے ہے۔
جناب فیاض حسین عباسی کا تعلق ضلع لاڑکانہ، سندھ سے ہے۔ وہ 33ویں کامن پاکستان ایڈمنسٹریٹو سروس سے تعلق رکھتے ہیں اور اس وقت گریڈ 20 کے سینئر افسر ہیں۔ انہوں نے اپنی سروس کا آغاز بہاولپور سے بطور زیر تربیت افسر کیا۔ بعد ازاں بہاولنگر میں ڈپٹی ڈسٹرکٹ آفیسر اور پھر احمد پور شرقیہ میں نومبر 2007 سے مئی 2009 تک ڈپٹی ڈسٹرکٹ آفیسر (ریونیو) تعینات رہے۔ ان کا نرم رویہ، سادگی، اور عوام سے براہ راست رابطہ آج بھی احمد پور کے لوگ یاد کرتے ہیں۔
ان کا کیریئر قابلِ رشک ہے۔ ڈیرہ غازی خان میں ڈسٹرکٹ آفیسر ریونیو، بدین میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر، مٹیاری اور خیرپور میں ڈپٹی کمشنر، کراچی میں ڈائریکٹر اینٹی کرپشن، وزیر اعلیٰ سندھ کے دفتر میں ایڈیشنل سیکریٹری، سیکریٹری انرجی ڈپارٹمنٹ سندھ، پولیو ایمرجنسی آپریشن سینٹر کے صوبائی کوآرڈینیٹر، اور پھر سکھر ڈویژن کے کمشنر کے طور پر ان کی خدمات شامل ہیں۔
انہیں بین الاقوامی سطح پر بھی پذیرائی ملی۔ بل گیٹس اور سابق نگران وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ نے انہیں پولیو فری پاکستان کے لیے کی گئی خدمات پر باقاعدہ طور پر سراہا۔ ان کا وژن صرف فائلوں تک محدود نہیں، وہ فیلڈ میں جا کر اپنی موجودگی سے تبدیلی لاتے ہیں۔
اب وہ کمشنر حیدرآباد ڈویژن تعینات ہوئے ہیں — پاکستان کا سب سے بڑا ڈویژن، جو نو اضلاع پر مشتمل ہے۔ کمشنر آفس میں ان کے استقبال کے دوران ان کے اسٹاف نے انہیں پھولوں کے گلدستے، اجرک اور سندھی ٹوپی پیش کی، اور انہوں نے اپنی روایت کے مطابق نہایت سادگی سے اپنے فرائض سنبھال لیے۔
ان کی سب سے نمایاں خوبی یہ ہے کہ وہ روایتی بیوروکریٹ نہیں ہیں۔ ان کا انداز نہ مغرورانہ ہے، نہ اجنبی۔ ان کا دل عوام کے ساتھ دھڑکتا ہے، اور وہ ہر سطح پر لوگوں سے براہ راست رابطہ رکھنا پسند کرتے ہیں۔ وہ عوام کے مسائل کو ذاتی مسئلہ سمجھ کر حل کرنے کی کوشش کرتے ہیں۔
ایسے افسر آج کے دور میں نایاب ہیں۔ بیوروکریسی کو اگر کوئی چہرہ انسانی روپ میں درکار ہے تو وہ فیاض حسین عباسی کی صورت میں موجود ہے۔ عوام ان پر اعتماد کرتے ہیں کیونکہ وہ خود کو عوام کا حصہ سمجھتے ہیں، نہ کہ بالا دست طبقہ۔
ہم احمد پور شرقیہ کے لوگوں کی جانب سے انہیں کمشنر حیدرآباد ڈویژن کی ذمہ داری سنبھالنے پر دلی مبارکباد پیش کرتے ہیں اور دعاگو ہیں کہ ان کی موجودگی میں سندھ کے سب سے بڑے ڈویژن میں خوشگوار اور مثبت تبدیلی آئے۔
تحریر: احسان احمد سحر
