Contact Us

پاک فوج ہے تو پاکستان ہے فواد چوہدری کی 9 مئی کے پُرتشدد واقعات کی مذمت

Fawad Ch

اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف کے سینئر نائب صدر فواد چوہدری نے نو مئی کو پیش آنے والے واقعات کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ فوج ہے تو پاکستان اور ہم ہیں، ان شرمناک واقعات میں ملوث افراد کو سزا ملنی چاہیے۔

اسلام آباد ہائیکورٹ کے باہر اپنی اہلیہ اور وکلا کے ہمراہ پریس کانفرنس میں فواد چوہدری نے کہا کہ لاہور کور کمانڈ ہاؤس اور  جی ایچ کیو میں پیش آنے والے واقعات پر ہر محب وطن شخص کا دل رنجیدہ ہے، عسکری اور سرکاری تنصیبات پر حملے شرمناک ہیں۔

فواد چوہدری نے کہا کہ ان واقعات کی تحقیقات ہوں اور جو بھی ان میں ملوث ہے اُسے سزا ملنی چاہیے، خواہ اس کا تعلق پی ٹی آئی سے ہی کیوں نہ ہو

انہوں نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کے ترجمان کی حیثیت سے کہتا ہوں پاک فوج ہے تو پاکستان ہے اور پاکستان ہے تو ہم سب ہیں، ترجمان پی ٹی آئی کی حیثیت سے سمجھتا ہوں کہ 9 مئی کے واقعات شرمناک تھے۔ عمران خان نے بھی ان کی مذمت کی ہے۔

رہنما پی ٹی آئی نے کہا کہ ’جہاں تک معاملات کا تعلق ہے تو ہم سب کا تعلق پاکستان سے ہے اور جس کا تعلق پاکستان سے ہے اُس کا پاک فوج سے تعلق ہے،اسی نکتہ نظرکوسامنے رکھ کر ہمیں اپنی پالیسیاں بنانی چاہیے

فواد چوہدری کا مزید کہنا تھا کہ میرا تعلق جہلم سے ہے، میرا تعلق جہم سے ہے جو شہدا اور غازیوں کی سرزمین ہے، ہمارا کوئی قبرستان ایسا نہیں جہاں شہید اور غازی دفن نہ ہوں، فوج سے ہمارا یہ رشتہ ہر چیز سے مقدم ہے۔

میڈیا سے گفتگو کے بعد فواد چودھری اسلام آباد بار روم سے روانہ ہو گئے لیکن پولیس نے انہیں گرفتار نہیں کیا۔

مزید پڑھیں