اوچ شریف میں شیطان صفت باپ کی اپنی حقیقی بیٹی سے مبینہ جنسی زیادتی

بیوی کی مدعیت میں بدکردار خاوندکے خلاف مقدمہ درج، درندگی کے واقعہ پر شہر میں غم و غصے کی شدید لہر دوڑ گئی
اوچ شریف (کرائم رپورٹر)نہ زمین پھٹی نہ آسمان گرا، اوچ شریف میں شیطان صفت باپ کی اپنی حقیقی بیٹی سے مبینہ جنسی زیادتی، بیوی کی مدعیت میں بدکردار خاوندکے خلاف مقدمہ درج، مدعیہ خاتون پر سسرالیوں سمیت برادری کی سرکردہ شخصیات کا معالہ رفع دفع کرکے صلح کرنے پر دباؤ، تفصیلات کے مطابق اوچ شریف میں محلہ اکبرٹاؤن کی رہائشی خاتون مسماۃ نور بی بی زوجہ محمد ندیم وارن نے مقامی پولیس کو دی گئی درخواست میں مؤقف اختیار کیا کہ مورخہ 8جولائی 2025ء کو 12بجے دن میں کام کاج کے سلسلے میں گھر سے باہر گئی، تھوڑی دیر بعد واپس آئی تو دیکھا کہ رہائشی کمرے میں میرا خاوند محمد ندیم ولد محمد یعقوب قوم وارن اپنی 18سالہ کنواری بیٹی مسماۃ (ع) کے ساتھ زنا کر رہا تھا، میری بیٹی کے رونے کی آواز پر میں معہ گواہان محمد سلیم اور محمدحسنین کمرے میں گئی تو میرا خاوند محمد ندیم ہمیں دھکا دے کر فرار ہو گیا،
قریبی رشتہ داروں نے بدنامی کے ڈر سے قانونی کارروائی سے روکے رکھا، پولیس تھانہ اوچ شریف نے ملزم کے خلاف ضابطہ فوجداری کی دفعہ 376کے تحت مقدمہ درج کے واقعہ کی تفتیش شروع کر دی ہے، پولیس ذرائع کے مطابق ملزم نے اعتراف جرم کر لیا ہے، یہ بھی معلوم ہوا ہے کہ مدعیہ خاتون پر سسرالیوں سمیت برادری کی سرکردہ شخصیات کی طرف سے معالہ رفع دفع کرکے صلح کرنے پر دباؤڈالا جا رہا ہے، دریں اثنا درندگی کے واقعہ پر شہر میں غم و غصے کی شدید لہر دوڑ گئی ہے، شہریوں نے شفاف تحقیقات کر کے ملزم کو کیفرکردار تک پہنچانے کا مطالبہ کیا ہے۔