میونسپل کمیٹی اوچ شریف کے نئے تعینات ہونے والے چیف آفیسر فرخ عدنان نے اپنے عہدے کا چارج سنبھال لیا
شہر میں تجاوزات کے خلاف جاری آپریشن اور ستھرا پنجاب پروگرام کے تحت صفائی ستھرائی کی صورت حال کا جائزہ لیا۔,جناح لائبریری سمیت دفتر کی مختلف برانچز کا دورہ کیا
اوچ شریف (کرائم رپورٹر) میونسپل کمیٹی اوچ شریف کے نئے تعینات ہونے والے چیف آفیسر فرخ عدنان نے اپنے عہدے کا چارج سنبھال لیا۔ عہدہ سنبھالنے کے بعد شہر میں تجاوزات کے خلاف جاری آپریشن اور ستھرا پنجاب پروگرام کے تحت صفائی ستھرائی کی صورت حال کا جائزہ لیا۔ تفصیلات کے مطابق میونسپل کمیٹی اوچ شریف کے نئے تعینات ہونے والے چیف آفیسر فرخ عدنان نے آج اوچ میونسپلٹی آفس پہنچ کر اپنے عہدے کا چارج سنبھال لیا۔
دفتر پہنچنے پر سینئر سب انجینئر عمران حسین گشکوری نے سید شمشاد جہانیاں بخاری، میاں شمشیر صدیقی، فیاض حسین اعوان، سجاد ابراہیم، خواجہ قبول حسین، محمد علی رضا، آفاق علی بلوچ، محمد نعیم خان اورمحمد رضوان ریاض سمیت دیگر اسٹاف کے ہمراہ کا چیف آفیسر کا خیر مقدم کیا اور انہیں شہر میں جاری تجاوزات کے خلاف آپریشن اور ستھرا پنجاب پروگرام کے تحت صفائی ستھرائی کے اقدامات اور دیگر امور پر بریفنگ دی۔ بعدازاں چیف آفیسر فرخ عدنان نے جناح لائبریری سمیت دفتر کی مختلف برانچز کا دورہ کیا اور متعلقہ اہل کاروں سے تبادلہ خیال کیا۔
چیف آفیسر نے تجاوزات کے خلاف جاری آپریشن کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کے احکامات کی روشنی میں تجاوزات کے خلاف کارروائیوں کو تیز کر دیا گیا ہے اور اس سلسلے میں میونسپل انتظامیہ کی زیرو ٹالرنس پالیسی ہے۔ انہوں نے کہا کہ تجاوزات کے خلاف کاروائیوں کی روزانہ کی بنیاد پر مانیٹرنگ کی جا رہی ہے اس مہم کا مقصد عام شہریوں کے لیے آسانیاں پیدا کرنا اور شہر کو خوبصورت اور قابل رہائش بنانا ہے۔ چیف آفیسر فرخ عدنان نے وزیر اعلی پنجاب کے ستھرا پنجاب پروگرام کے تحت شہر میں صفائی ستھرائی کے انتظامات کا بھی جائزہ لیا اور صفائی ستھرائی کے نظام کو مزید بہتر بنانے کی ہدایت کی۔
انہوں نے کہا کہ شہر کو خوبصورت اور صاف ستھرا رکھنا معاشرے کے تمام طبقات کی ذمہ داری ہے۔ ستھرا پنجاب پروگرام کے ویژن کو عملی جامہ پہنانے میں کسی بھی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے ہدایت کی کہ اہل کار فیلڈ میں مزید متحرک ہو کر کام کریں اور روزانہ کی بنیاد پر صفائی ستھرائی سرگرمیوں کی مانیٹرنگ کو یقینی بنایا جائے۔واضح رہے کہ سیکرٹری لوکل گورنمنٹ اینڈ کمیونٹی ڈویلپمنٹ پنجاب شکیل احمد میاں نے گزشتہ روز میونسپل کمیٹی احمد پور شرقیہ کے چیف آفیسر فرخ عدنان کواضافی چارج کے طور پر میونسپل کمیٹی اوچ شریف کی ذمہ داریاں سونپے جانے کے احکامات جاری کیے تھے۔