Contact Us

محکمہ زراعت (توسیع) اور تارا گروپ کے اشتراک سے ڈویژنل سطح پر کپاس کی فصل کے حوالہ سے کسان کنونشن

Farmers Convention regarding cotton crop

کمشنر ڈاکٹر احتشام انور نے کسان کنونشن کی صدارت کی جبکہ سیکرٹری زراعت جنوبی پنجاب ثاقب علی عطیل نے بحیثیت مہمان خصوصی شرکت کی

بہاول پور:17/مئی : محکمہ زراعت (توسیع) اور تارا گروپ کے اشتراک سے ڈویژنل سطح پر کپاس کی فصل کے حوالہ سے کسان کنونشن منعقدہوا جس میں زیادہ رقبہ پر کپاس کی فصل کاشت کرنے، کپاس کی پیداواری ٹیکنالوجی اور زیادہ کپاس کی فصل کے حوالہ سے آگاہ کیا گیا۔ کمشنر بہاول پور ڈویژن ڈاکٹر احتشام انور نے کسان کنونشن کی صدارت کی جبکہ سیکرٹری زراعت جنوبی پنجاب ثاقب علی عطیل نے بحیثیت مہمان خصوصی شرکت کی۔ کسان کنونشن میں ڈپٹی کمشنر ظہیر انور جپہ، چیئرمین تارا گروپ ڈاکٹر خالد حمید، ڈاکٹر رانا محمد طارق، میاں شاہد اقبال، اسسٹنٹ کمشنر (جنرل) محمد طیب،ڈائریکٹر زراعت توسیع جمیل احمد غوری، چیئرمین پاکستان کاٹن جنرز ایسوسی ایشن چودھری وحیدارشد، زرعی سائنس دان، ترقی پسند کاشت کار اور ڈویژن بھر سے آئے ہوئے زمیندار و کاشت کاران نے شرکت کی۔ کمشنر بہاول پور ڈاکٹر احتشام انور نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ ملک کی معیشت میں زراعت کا اہم کردار ہے۔ انہوں نے کہاکہ کپاس کیش کراپ ہے۔ زمیندارو کاشت کاران زیادہ رقبہ پر کپاس کی فصل کو کاشت کریں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی جانب سے بہاول پور ڈویژن میں 23 لاکھ24ہزار ایکڑ اراضی پر کپاس کی فصل کاشت کرنے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کپاس کی زیادہ رقبہ پر کاشت اور کپاس کی بہتر پیداوار کے حصول کے لیے محکمہ زراعت توسیع کے افسران و سٹاف زمیندار وکاشت کاران کی رہنمائی کریں۔ انھوں نے بتایا کہ زمینداراور کاشتکاران ہیلپ لائن1718 پر کال کرکے زرعی ماہرین سے زرعی مشاورت کے لیے رابطہ قائم کریں۔ سیکرٹری زراعت جنوبی پنجاب ثاقب علی عطیل نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ زمیندار اور کاشت کار زیادہ رقبہ پر کپاس کی فصل کاشت کریں اور کپاس کی بہتر پیداوار کے لیے کپاس کا منظور شدہ بیج استعمال کیا جائے۔ انھوں نے کہا کہ کسان کنونشن زمیندار وکاشتکاران کے لیے مفید ثابت ہوگا جہاں انھیں زرعی سائنس دانوں کی مفید اور قابل قدر تجاویز حاصل ہوئی ہیں۔ انھوں نے کہا کہ کپاس کی عمدہ فصل کے لیے کپاس کے کھیت کی تیاری، منظور شدہ اقسام کے بیج، کھاد اورسپرے کا مناسب استعمال کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی جانب سے کپاس کی امدادی قیمت8500 روپے فی من مقرر کی گئی ہے۔ چیئرمین تارا گروپ ڈاکٹر خالد حمید نے کہا کہ کپاس کی بہتر فصل کے لیے سرٹیفائیڈ بیج استعمال کیا جائے اور جدید زرعی ٹیکنالوجی استعمال کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ کپاس کی زیادہ رقبہ پر کاشت کے لیے حکومت نے شاندار اقدامات کیے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کپاس کی بہتر پیداوار سے ملک کی معیشت پر بہتر اثرات مرتب ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ تارا گروپ کی جانب سے زمیندار وکاشت کاران کو کپاس کی شاندار فصل کے حصول کے لیے بھرپور معاونت کی جائے گی۔ قبل ازیں ڈائریکٹر ایگریکلچر زراعت توسیع جمیل غوری اور ڈاکٹر صغیر احمد نے اپنے خطاب میں موسمیاتی تبدیلیاں اور کپاس کی کاشت جبکہ پروفیسر ڈاکٹر اقبال بندیشہ نے کپاس کی جدید اقسام اور ان کی پیداواری ٹیکنالوجی بارے معلومات فراہم کیں۔اس موقع پر ترقی پسند کاشت کاروں نے بھی اظہار خیال کیا۔ کسان کنونشن میں گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمن نے کپاس کے زمیندار و کاشتکاران کے لیے ویڈیو کے ذریعے خطاب کیا۔گورنر نے کہا کہ زراعت ملک کی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہے اور ہمارے کاشتکاروں نے ہر مشکل وقت میں زرعی پیداوار کے ذریعہ ملک کی معیشت کو سہارا دیا ہے۔ اسی طرح کپاس کی زیادہ رقبہ پر کاشت کر کے ملک کے زرمبادلہ میں اضافہ کیا جاسکتا ہے۔

مزید پڑھیں