گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمن سے امریکی قو نصل جنرل ویلیم کے میکا نیولے کی الوداعی ملاقات
گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمن سے گورنر ہائوس لاہور میں یو ایس قونصل جنرل ولیم کے مکانیول نے الوداعی ملاقات کی۔ ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور، تعلیم، تجارت اور ماحولیاتی تبدیلیوں سمیت مختلف شعبوں میں دو طرفہ تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ گورنر پنجاب نے یو ایس قونصل جنرل کی تعیناتی کے دوران پاک امریکہ تعلقات کو بہتر بنانے ، سٹیٹ آف کیلیفورنیا اور پنجاب کے سسٹر سٹیٹ کے معاہدے میں سفارتی کوششوں کو سراہا۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمن نے کہا کہ پاکستان امریکہ کے ساتھ دو طرفہ تعلقات میں پائیداری، مضبوطی اور تقویت کو ہمیشہ ترجیح دیتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ مختلف شعبوں میں امریکہ کا پاکستان سے تعاون قابل تعریف ہے خصوصا تعلیم اور صحت کے شعبے میں امریکی تعاون سے پاکستان میں ان شعبوں میں بہتری آرہی ہے ۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ دونوں ممالک کے مابین دو طرفہ تجارت کو مذید فروغ دینے کی ضرورت ہے جبکہ دونوں ممالک کے درمیان عوامی سطح پر رابطے ناگزیر ہیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان اور امریکہ کے درمیان طلباو اساتذہ کے زیادہ سے زیادہ تبادلے ہونے چاہئیں۔گورنر پنجاب نے کہا کہ امریکہ تعلیم کے شعبے میں پاکستانی طلبہ کو فل برائیٹ سکالر شپ اور دیگر تعلیمی سکالرشپس دے رہا ہے۔انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ امریکہ پاکستانی طلبہ کے لیے سکالرشپس کی تعداد میں اضافہ کرے گا۔گورنر پنجاب نے مزید کہا کہ ماحولیاتی تبدیلی بین القوامی سطح پر بہت اہم مسلہ ہے۔انہوں نے کہا کہ ماحولیاتی تبدیلیوں کی وجہ سے پاکستان کو سیلاب کی تباہ کاریوں کا سامنا کرنا پڑا۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ پاکستان کی زراعت پر بھی ماحولیاتی تبدیلیوں کے بڑے اثرات مرتب ہو رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ بطور چانسلر ماحولیات پر ایک کنسورشیم بنایا ہے۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ حکومت نے خواتین کا بااختیار بنانے اور ترقی کے دھارے میں لانے کے لیے خواتین کی جامعات کے قیام سمیت مختلف اقدامات اٹھائے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں مختلف شعبوں میں خواتین کی نمائندگی بڑھ رہی ہے اور پاکستانی خواتین ملک کی ترقی میں مردوں کے شانہ بشانہ کام کر رہی ہیں۔