این اے 166 کی عوام کو تنہا نہیں چھوڑیں گےعارف عزیز شیخ
حلقہ بندی کی تبدیلی کی وجہ سے ہمیں چوہدری طارق بشیر چیمہ اور اپنے کزن حسن عسکری شیخ کی بھرپور انتخابی مہم چلانا پڑی اس لئے میں خود اپنا الیکشن نہ لڑ سکا
چنی گوٹھ (نامہ نگار) سابق ایم این اے عارف عزیز شیخ نے کہا ہے کہ حلقہ این اے 166 کی عوام کو تنہا نہیں چھوڑیں گے ہم ان کے ساتھ کندھے سے کندھا ملا کر کل بھی کھڑے تھے اور آج بھی کھڑے ہوئے ہیں ، ان خیالات کا اظہار انہوں نے شیخ فارمز پر سماجی رہنماؤں ملک خورشید احمد بھٹی اور مہر بشیر احمد کے ہمراہ صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ، عارف عزیز شیخ نے کہا کہ حلقہ بندی کی تبدیلی کی وجہ سے ہمیں سابق وفاقی وزیر و ایم این اے چوہدری طارق بشیر چیمہ اور اپنے کزن نو منتخب ایم پی اے حسن عسکری شیخ کی بھرپور انتخابی مہم چلانا پڑی اور ان کو کامیابی سے ہمکنار کرایا اس لئے میں خود اپنا الیکشن نہ لڑ سکا ، انہوں نے کہا کہ میں نے حلقہ این اے 166 احمد پور شرقیہ اور اوچ شریف کے لئے آئندہ الیکشن کے لئے اپنی انتخابی مہم کا آغاز کر دیا ہے اور اپنے سیاسی مخالفین سے بھرپور مقابلہ کریں گے ، سابق ایم این اے نے کہا کہ میں نے اپنے دور نمائندگی میں بے شمار ترقیاتی کام کئے ہیں جن کی آج تک مثال نہیں ملتی ، انہوں نے کہا کہ میں نے پانچ سو سے زائد بستیوں میں بجلی کی فراہمی ، درجنوں بستیوں میں سوئی گیس ، سڑکوں کی تعمیر سمیت درجنوں نوجوانوں کو روزگار فراہم کرایا اسی لئے حلقہ کے لوگ آج بھی مجھے یاد کرتے ہیں ، انہوں نے ایک سوال کے جواب میں بتایا کہ ایم پی اے حسن عسکری شیخ عوام کی امیدوں پر پورا اتریں گے کیونکہ وہ ترقیاتی کاموں میں بھرپور دلچسپی رکھتے ہیں اور وہ عوام کو مایوس نہیں کریں گے اور اپنی کارکردگی کی بنیاد پر وہ آئندہ بھی بھاری اکثریت سے ایم پی اے منتخب ہوں گے ۔