پیٹرولیم مصنوعات ، بجلی اور زرعی لوازمات کے نرخوں میں اضافے نے کسانوں کو تباہ و برباد کر دیا عارف عزیز شیخ
حکومت نے اگر کاشتکاروں کو ریلیف نہ دیا تو کاشتکار کاشتکاری چھوڑنے پر مجبور ہو جائیں گے سابق ایم این اے کی کاشتکاروں کے ایک وفد سے گفتگو
چنی گوٹھ (نامہ نگار) سابق ایم این اے عارف عزیز شیخ نے کہا ہے کہ پیٹرولیم مصنوعات ، بجلی اور زرعی لوازمات کی نرخوں میں اضافے نے کسانوں کو تباہ و برباد کر دیا ہے ، کاشتکاری اب گھاٹے کا سودا بن گئی ہے ، حکومت نے اگر کاشتکاروں کو ریلیف نہ دیا تو کاشتکار کاشتکاری چھوڑنے پر مجبور ہو جائیں گے ، ان خیالات کا اظہار انہوں نے شیخ فارمز پر سماجی و سیاسی رہنما ملک خورشید احمد بھٹی کے ہمراہ کاشتکاروں کے ایک وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ، عارف عزیز شیخ نے کہا کہ یہ پہلا موقع ہے کہ پنجاب میں کاشتکاروں سے گندم نہیں خریدی گئی ، کاشتکار گندم کی خریداری نہ ہونے سے بیس سال مزید پیچھے چلے گئے ہیں ، انہوں نے کہا کہ کاشتکاروں نے مہنگے داموں زرعی زمین ٹھیکے پر لے رکھی تھیں مگر گندم کی خریداری نہ ہونے کی وجہ سے ان کے خواب چکنا چور ہو گئے ہیں اور کئی کاشتکاروں کو اپنے بچوں کی شادیاں منسوخ کرنا پڑی ہیں ، سابق ایم این اے نے کہا کہ حکومت کاشتکاروں کی اجناس کی خریداری کے لئے واضح پالیسی بنائے اور اس پر سختی سے عملدرآمد بھی کرائے تاکہ کاشتکار دوبارہ اپنے پاؤں پر کھڑا ہو سکے ۔