Advertisements

مقبوضہ کشمیر دنیا کی سب سے بڑی فوجی چھاؤنی میں تبدیل ہو چکا : عارف عزیز شیخ

Ex-MNA Arif Aziz Sheikh
Advertisements

اقوام متحدہ کی قراردادوں پر عملدرآمد کروانا اور بھارت پر دباؤ ڈالنا عالمی برادری کی اخلاقی اور قانونی ذمہ داری ہے۔: سابق ایم این اے

چنی گوٹھ (نامہ نگار) سابق ایم این اے عارف عزیز شیخ نے یوم یکجہتی کشمیر (5 فروری) کے موقع پر مقبوضہ جموں و کشمیر میں جاری بھارتی جارحیت، ریاستی دہشت گردی، کشمیری عوام پر وحشیانہ ظلم و ستم، انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں اور نسل کشی کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت کی قابض افواج گزشتہ کئی دہائیوں سے کشمیری عوام کے بنیادی حقوق سلب کر رہی ہیں، جبکہ اقوام متحدہ اور عالمی برادری کی مجرمانہ خاموشی اس مظلوم قوم پر ڈھائے جانے والے مظالم میں بالواسطہ شراکت داری کے مترادف ہے۔

Advertisements

عارف عزیز شیخ  نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر دنیا کی سب سے بڑی فوجی چھاؤنی میں تبدیل ہو چکا ہے، جہاں لاکھوں بھارتی فوجی نہتے کشمیریوں پر ظلم و بربریت کے پہاڑ توڑ رہے ہیں۔ بے گناہ کشمیری نوجوانوں کو جبری طور پر لاپتا کر دیا جاتا ہے، ہزاروں کشمیری خواتین کو عصمت دری جیسے وحشیانہ جرائم کا نشانہ بنایا گیا ہے، اور ہزاروں معصوم بچوں کو ریاستی جبر کے ذریعے یتیم کر دیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی حکومت نے کشمیریوں کی نسل کشی کے لیے ماورائے عدالت قتل، پیلٹ گنوں کے استعمال، اور جیلوں میں غیر انسانی سلوک جیسے وحشیانہ ہتھکنڈے اپنائے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ 5 اگست 2019 کے بعد سے بھارت نے کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کر کے بین الاقوامی قوانین، اقوام متحدہ کی قراردادوں اور کشمیری عوام کے بنیادی حقوق کی صریح خلاف ورزی کی ہے۔ بھارت کی فسطائی حکومت ہندوتوا کے ایجنڈے کے تحت مقبوضہ وادی میں آبادی کے تناسب کو تبدیل کرنے کے لیے غیر کشمیری ہندوؤں کو بسانے کی سازش کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ اقدامات نہ صرف انسانی حقوق کی پامالی ہیں بلکہ خطے کے امن و استحکام کے لیے بھی سنگین خطرہ ہیں۔ سابق ایم این اےنے اقوام متحدہ اور انسانی حقوق کے عالمی اداروں کی مسلسل خاموشی کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ اگرچہ اقوام متحدہ نے اپنی قراردادوں میں کشمیری عوام کو حقِ خودارادیت دینے کا وعدہ کیا تھا، لیکن سات دہائیوں سے زائد کا عرصہ گزرنے کے باوجود یہ وعدہ پورا نہیں کیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ عالمی برادری کے دوہرے معیار کھل کر سامنے آ چکے ہیں، جہاں بعض خطوں میں انسانی حقوق کی معمولی خلاف ورزی پر سخت ردعمل دیا جاتا ہے، لیکن مقبوضہ کشمیر میں لاکھوں افراد کی نسل کشی، بنیادی انسانی حقوق کی پامالی، اور بدترین ریاستی جبر کے باوجود عالمی طاقتیں مجرمانہ خاموشی اختیار کیے ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اگر دنیا واقعی انصاف اور امن کی دعویدار ہے، تو اسے بھارت کی ظالمانہ پالیسیوں کے خلاف کھڑا ہونا ہوگا اور کشمیری عوام کو ان کا جائز حق دلانے کے لیے عملی اقدامات کرنا ہوں گے۔ اقوام متحدہ کی قراردادوں پر عملدرآمد کروانا اور بھارت پر دباؤ ڈالنا عالمی برادری کی اخلاقی اور قانونی ذمہ داری ہے۔