سارے مجھے ہرانے کیلئے اکٹھے ہوگئے، سب کا اکٹھا جنازہ نکلے گا:عمران خان
صوابی: پاکستان تحریک انصاف کے چیئر مین اور سابق وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ ہم امپورٹڈ حکومت کونہیں مانتے، صرف الیکشن کی تاریخ چاہتے ہیں۔ سارے مجھے ہرانے کے لیے اکٹھے ہوگئے ہیں، انشااللہ ان سب کا اکٹھا جنازہ نکلے گا۔
پی ٹی آئی کے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ صوابی والوں آپ اسلام آباد کے قریب ہو، یہاں دلیر نوجوانوں سے اسلام آباد ملنا چاہتا ہوں، ملک کی حقیقی آزادی کے لیے آپ نے اسلام آباد آئیں گے، جواسلام آباد نہیں آئے گا وہ صوابی میں نکلے گا، غلامی اور امپورٹڈ حکومت کو کسی صورت منظور نہیں کریںگے۔
عمران خان نے کہا کہ امریکی جنگ میں قربانیاں دیں لیکن امریکا نے پاکستان کا شکریہ تک ادا نہیں کیا، تھری اسٹوجز نے دس سال حکومت کی تو پاکستان پر 400 ڈرون حملے ہوئے۔
نہوں نے کہا کہ سابق حکمرانوں کی جرات نہیں تھی کہ امریکا سے کہتے کہ اپنے ملک کے دہشت گردوں پر ڈرون حملے کریں، باجوڑ ڈرون حملے میں مدرسے کے 64 بچے مارے گئے دنیا کا کوئی قانون ایسے حملوں کی اجازت نہیں دیتا۔
انہوں نے کہا کہ امریکا کو معلوم تھا کہ عمران خان اڈے دے گا اور نہ ان کی جنگ میں شرکت کرے گا، دو خاندانوں کو مسلط کیا گیاہے، یہ ان کے غلام ہیں، بھٹو اور شریف خاندانوں 30 سال سے حکمرانی کررہے ہیں، شہباز شریف کہتا ہے ہم بھکاری ہیں اس لیے غلام ہیں۔
پی ٹی آئی چیئرمین نے کہا کہ ایف آئی اے ہماری آنکھوں کے سامنے تباہ ہو رہا ہے، شہباز شریف کے خلاف ایف آئی اے نے بڑی محنت سے کیس بنائے تھے، اور 24 ارب کا کیس پکڑا، ایف آئی اے کا ایک افسر ڈاکٹر رضوان ہارٹ اٹیک سے انتقال کر گیا، ایف آئی اے پر اب ایک قاتل کو بٹھا دیا گیا ہے۔ ایف آئی اے کے ساتھ اب وہی ہو گا جو ایم کیو ایم نے آپریشن کرنے والے پولیس والوں کے ساتھ کیا، ایم کیو ایم کی کارروائیوں کے بعد آج تک سندھ پولیس اپنے پیروں پر کھڑی نہیں ہوسکی اور صوبے میں رینجرز بلانا پڑی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ جاپان پرایٹم بم گرا لیکن اپنے پاؤں پر کھڑے ہو گئے، افغانستان میں 40 سال سے انتشار ہے لیکن پھربھی قوم تگڑی ہے، جب قوم کی اخلاقیات ختم کردی جائے توقوم مرجاتی ہے، قوم پہلے اخلاقی پھر معاشی طور پر مرتی ہے، 60 فیصد کابینہ کے لوگ ضمانتوں پر ہے، کرائم منسٹراوران کے بیٹوں کے خلاف 24 ارب کے کیسز ہیں، کرائم منسٹر کا بھائی مفرور، چور، ڈاکو اور جھوٹا ہے، مفرور کی بیٹی سزا یافتہ اس کو رینجرز کا پروٹوکول مل رہا ہے، جب ایسے لوگوں کو بڑے عہدوں پر بٹھادیا جائے توملک کی اخلاقیات تباہ ہوجاتی ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ خیبرپختونخوا کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں کہ یہاں سے صرف ایک لوٹا نکلا، کل میں فیصل آباد کے لوگوں سے گلہ کیا کہ سب سے زیادہ لوٹے وہاں سے نکلیں، وہاں کے لوگوں نے وعدہ کیا ہے آئندہ الیکشن میں کوئی لوٹا وہاں سے کامیاب نہیں ہوگا، سارے پاکستان کو پتا ہے لوٹا کون ہے، ساری دنیا کے سامنے وہ لوٹےہوئے ہیں لیکن الیکشن کمیشن ان کو بچانے کے لیے نکتے ڈھونڈ رہا ہے۔ اگر یہ لوٹے الیکشن کمیشن سے بچ بھی گئے تو پاکستان کے عوام سے نہیں بچیں گے۔
سابق وزیراعظم کا کہنا تھا کہ چین نے 450 وزیروں کو کرپشن کے خلاف پکڑا، ہمارے نبی ﷺ نے مسلمانوں کو کہا، اچھائی کے ساتھ کھڑے ہونا ہے، اللہ کا حکم ہے برائی کے خلاف جہاد کرو، جب بڑے، بڑے مجرم اقتدارمیں آجائے تو اس معاشرے کا کوئی مستقبل نہیں، آپ نے اسلام آباد پہنچنا ہے گرمی اوربارش کو نہیں دیکھنا، ہم دنیا کے سب سے عظیم نبی ﷺ کے امتی ہیں، ہمیں کوئی خوف نہیں ہے، ہم چوروں، غلاموں کو کبھی تسلیم نہیں کریں گے، ہم صرف ایک چیزچاہتے ہیں الیکشن کراؤ، تاکہ عوام فیصلہ کریں کہ ملک کی قیادت کون کرے گا۔