Advertisements

محکمہ اوقاف کا اوچشریف میں سات مزارات سے وقف اراضیات کے انتقال کے لئے کمشنر بہاول پور کو مراسلہ

Transfer of lands dedicated to seven shrines in Och Sharif
Advertisements

کمشنر نے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریوینو بہاول پور کو محکمہ اوقاف کے مراسلے پر عمل درآمد کی ہدایات جاری کر دیں

اوچ شریف (خبرنگار) محکمہ اوقاف نے برصغیر میں خانوادہ سہروردیہ کے جد امجد، عظیم صوفی بزرگ حضرت مخدوم سید جلال الدین سرخپوش بخاری سمیت اوچ شریف میں واقع بزرگان دین کے سات مزارات سے متعلقہ وقف اراضیات کے انتقال کے لیے کمشنربہاول پور کیپٹن (ر) ظفر اقبال کو مراسلہ جار ی کر دیا ہے۔ مراسلے کے مطابق پنجاب وقف پراپرٹیز آرڈیننس مجریہ 1979ء کے تحت اوقاف کی پراپرٹی کا کسٹوڈین چیف ایڈمنسٹریٹر اوقاف کو مقرر کیا گیا ہے لہذا درگاہ حضرت سید جلال الدین سرخ پوش بخاری، درگاہ حضرت مخدوم جہانیاں جہاں گشت، درگاہ حضرت راجن قتال، درگاہ حضرت فضل الدین لاڈلہ، درگاہ حضرت بدر الدین، درگاہ حضرت محبوب سبحانی اور درگاہ حضرت سید کبیر الدین حسن دریا سے متعلقہ وقف اراضیات کے انتقالات فوری طور پر چیف ایڈمنسٹریٹر اوقاف پنجاب کے نام کیے جائیں۔ کمشنر بہاول پور نے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر(ریونیو) بہاول پور کو محکمہ اوقاف کے مذکورہ مراسلے پر عملدرآمد یقینی بنانے کے لیے اقدامات اٹھانے کی ہدایت کی ہے۔ واضح رہے کہ اوچ شریف میں مذکورہ بالا ساتوں درگاہوں کا انتظام محکمہ اوقاف کے پا س ہے اور چراغی و نذرانہ جات کی مد میں ماہانہ لاکھوں روپے کی آمدنی محکمہ اوقاف کو حاصل ہوتی ہے تاہم ان مزارات سے اتنی خطیر رقم حاصل کرنے کے باوجود وہاں زائرین کے لیے کوئی سہولیات دستیاب نہیں، مزارات پر پرائیویٹ کارندوں کی حکمرانی ہے۔ سپریم کورٹ آف پاکستان کے حکم نامے کے باوجود زائرین سے جوتوں وغیرہ کی مد میں فیس وصول کی جاتی ہے۔

Advertisements