Contact Us

سرکاری اراضی پر تجاوزات ختم کرا کے واگزار اراضی پر جنگلات لگائے جائیں، وزیراعظم عمران خان

Imran Khan

اسلام آباد۔19نومبر: وزیر اعظم عمران خان نے ہدایت کی ہے کہ سرکاری اراضی پر تجاوزات ختم کرا کے واگزار اراضی پر جنگلات لگائے جائیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کو اپنی زیر صدارت قومی رابطہ کمیٹی برائے ہاوسنگ، کنسٹرکشن و ڈیویلپمنٹ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں مشیر خزانہ شوکت ترین، وزیر مملکت برائے اطلاعات و نشریات فرخ حبیب، معاونین خصوصی ملک امین اسلم، ڈاکٹر شہباز گل، چیرمین ایف بی آر، سروئیر جنرل آف پاکستان، چیئرمین نیا پاکستان ہاﺅسنگ و ڈویلپمنٹ اتھارٹی اور وفاقی اور صوبائی حکومتوں کے سینئر افسران نے شرکت کی۔اجلاس میں سروئیر جنرل آف پاکستان کی اجلاس کو ملک میں جاری کیڈسٹرل میپنگ کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی۔وزیراعظم کو بتایا گیا کہ سرکاری اراضی کی 88 فیصد میپنگ مکمل کر لی گئی ہے۔ تاحال مکمل میپنگ سے ہزاروں ایکڑ سرکاری اراضی پر ناجائز تجاوزات کی نشاندہی ہوئی ہے۔ ان تجاوزات کی مالیت کھربوں روپے بنتی ہے۔ کیڈسٹرل میپنگ سے سرکاری اراضی کا اصل رقبہ اور ملکیت ڈیجیٹل ریکارڈ کا حصہ بن جائیں گے۔ سب سے زیادہ نا جائز تجاوزات جنگلات کی اراضی پر بنائی گئی ہیں۔ واپڈا، نیشنل ہائی وے اتھارٹی، سول ایویشن اور ریلوے کی زمینوں پر بھی ناجائز تجاوزات قائم کی گئی ہیں۔ اگلے مرحلے میں پرائیوٹ اراضی کی ڈیجیٹائز یشن کا عمل صوبائی حکومتوں کی مدد سے مکمل کیا جائے گا۔ وزیر اعظم نے سروے آف پاکستان کی کیڈسٹرل میپنگ پر اطمینان کا اظہا ر کرتے ہوئے سراہا اور ہدایت کی کہ سرکاری اراضی پر ناجائز تجاوزات کو خالی کرایا جائے۔ صوبائی حکومتیں ناجائز تجاوزات کے لیے قانون سازی کے عمل کو جلد مکمل کریں اور تمام صوبے کیڈیسٹرل میپنگ کے ڈیٹا کی سروے آف پاکستان کے ساتھ دو مہینوں میں تصدیق کے عمل کو مکمل کریں۔ وزیر اعظم نے صوبائی حکومتوں اور اسلام آباد کیپیٹل ٹیریٹری کی انتظامیہ کو ناجائز تجاوزات کے خلاف زیر التوا مقدمات کی موثر پیروی کی بھی ہدایت کی۔ وزیراعظم نے کہا کہ ناجائز تجاوزات کو ختم کر کے واگزار اراضی پر جنگلات اگانے کا منصوبہ بنایا جائے۔

مزید پڑھیں