Contact Us

وزیر اعظم کی زیر صدارت ملک میں گندم اور آٹے کی مصنوعی قلت اور ذخیرہ اندوزوں و ناجائز منافع خوری کے حوالہ سے ہنگامی اجلاس

PM shehbaz chairing Atta supply emergent meeting

اسلام آباد۔11جنوری  (اے پی پی):وزیر اعظم محمد شہبازشریف نے کہا ہےکہ ملک میں گندم کے وافر ذخائر موجود ہیں،ملک میں کسی کو گندم کی مصنوعی قلت پیدا کرکے ناجائز منافع خوری کی اجازت نہیں دیں گے،صوبے اپنے اور پاسکو کے ذخائر سے گندم کی فلور ملز تک بروقت رسد یقینی بنائیں اور گندم اور آٹے کی بروقت ترسیل کیلئے اپنی گورننس بہتر کریں، گزشتہ پانچ دن میں حکومت کے اقدامات کی بدولت آٹے کے 40 کلو کے تھیلے کی قیمت میں تقریباً 1000 روپے کی کمی واقع ہوئی جو خوش آئند ہے،متعلقہ وفاقی و صوبائی ادارے آٹے اور گندم کے ذخیرہ اندوزوں کے خلاف سخت اقدامات کریں،حکومت غریب عوام کیلئے آٹے کی مصنوعی قلت سے مہنگائی پیدا کرنے والوں کو قرار واقعی سزا دے گی۔وزیر اعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری پریس ریلیز کے مطابق وزیرِاعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت بدھ کو ملک میں گندم اور آٹے کی مصنوعی قلت اور ذخیرہ اندوزوں و ناجائز منافع خوری کے حوالے سے اعلیٰ سطح کا ہنگامی اجلاس ہوا۔اجلاس میں وزیرِ اعظم نے ملک میں گندم کے موجودہ ذخائر کا جائزہ لیا۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ ملک میں گندم کے وافر ذخائر موجود ہیں اور صوبوں کو ہدایت کی جا رہی ہے کہ پاسکو کے ذخائر سے فلور ملز تک گندم کی ترسیل مزید تیز کی جائے۔ مزید برآں 1.3 ملین میٹرک ٹن گندم درآمدی گندم کا اسٹاک بھی ملک میں پہنچ گیا ہے جبکہ جنوری کے اختتام تک مزید اتنا ہی سٹاک پہنچ جائے گا۔اجلاس کو بتایا گیا کہ رواں سال سیزن کے اختتام پر گندم کے کیری فارورڈ سٹاک 1.4 ملین میٹرک ٹن ہو ں گے جو کہ نیا سیزن شروع ہونے سے پہلے ملکی غذائی ضروریات پوری کرنے کیلئے کافی ہیں۔وزیرِاعظم نے گندم کے موجودہ ذخائر پر اطمینان کا اظہار کیا اور صوبوں کو ہدایت کی کہ گندم اور آٹے کی ترسیل کے حوالے سے اپنی گورننس بہتر کریں۔اجلاس میں وفاقی وزیرِ غذائی تحفظ طارق بشیر چیمہ، مشیرِ وزیرِ اعظم احد چیمہ، متعلقہ وفاقی اعلیٰ حکام اور صوبائی چیف سیکرٹریز نے شرکت کی۔

مزید پڑھیں