Contact Us

 اسرائیل کی وحشیانہ کارروائیوں کے دوران شہید ہونے والے فلسطینیوں کی تعداد 11 ہزار سےمتجاوز

غزہ میں 35 روز سے جاری اسرائیل کی وحشیانہ کارروائیوں کے دوران شہید ہونے والے فلسطینیوں کی تعداد 11 ہزار سے تجاوز کر گئی ہے۔

فلسطینی وزارت صحت کی جانب سے جاری بیان کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران اسرائیلی جارحیت سے مزید 266 فلسطینی شہید ہوئے، جس کے بعد 7 اکتوبر سے اب تک شہید ہونے والے افراد کی تعداد 11 ہزار 78 ہوگئی ہے۔

بیان میں مزید بتایا گیا کہ شہید افراد میں 4506 بچے بھی شامل ہیں۔

اس عرصے میں اسرائیلی جارحیت کے نتیجے میں 27 ہزار 490 فلسطینی زخمی ہوئے۔

وزارت صحت کی جانب سے جاری ایک الگ بیان میں بتایا گیا کہ غزہ میں طبی نظام کے خلاف اسرائیلی جارحیت جاری ہے اور 9 نومبر کی شب سے اب تک غزہ کے سب سے بڑے الشفا اسپتال پر کم از کم 5 بار بمباری کی گئی ہے۔

اس بمباری کے نتیجے میں کم از کم 13 افراد شہید جبکہ متعدد زخمی ہوئے۔

بیان کے مطابق اسرائیل کی جانب سے 7 اکتوبر سے طبی مراکز پر اب تک 270 سے زائد حملے کیے جا چکے ہیں۔

ان حملوں کے باعث 35 میں سے 21 اسپتال بند ہو چکے ہیں جبکہ 72 میں سے 51 طبی مراکز بھی کام نہیں کر رہے۔

حملوں سے 57 ایمبولینسوں کو نقصان پہنچا ہے جن میں سے 45 مکمل طور پر تباہ ہوگئیں

وزارت صحت نے مزید بتایا کہ اسرائیلی ٹینکوں نے غزہ کے 4 اسپتالوں کو چاروں سمتوں سے گھیر لیا ہے۔ بیان میں کہا گیا کہ ہزاروں مریض، طبی عملہ اور بے گھر افراد ان اسپتالوں کے اندر محصور ہیں اور انہیں خوراک یا پانی تک رسائی حاصل نہیں

مزید پڑھیں