اتفاق شوگر ملز چنی گوٹھ میں کرنٹ لگنے سے الیکٹریشن محمد اظہر جٹ جاں بحق
محمد اظہر جٹ کا تعلق چک نمبر 4 لیاقت پور سے تھا اور وہ اتفاق شوگر ملز میں بطور الیکٹریشن فرائض سرانجام دے رہے تھے
اسی روز اتفاق شوگر ملز کی جانب سے ایک بھائی کا حج کے لیے قرعہ نکل آیا جبکہ دوسرا بھائی کرنٹ لگنے سے جاں بحق ہو گیا۔
چنی گوٹھ (نامہ نگار) اتفاق شوگر ملز میں کرنٹ لگنے سے الیکٹریشن محمد اظہر جٹ جاں بحق ہو گئے۔ بتایا جاتا ہے کہ محمد اظہر جٹ کا تعلق چک نمبر 4 لیاقت پور سے تھا اور وہ اتفاق شوگر ملز میں بطور الیکٹریشن فرائض سرانجام دے رہے تھے۔ افسوسناک واقعہ اس وقت پیش آیا جب وہ مل میں کام کر رہے تھے کہ اچانک کرنٹ لگنے سے جان کی بازی ہار گئے۔ حادثے کا ایک افسوسناک پہلو یہ بھی ہے کہ دونوں بھائی اکٹھے گھر سے مل کے لیے روانہ ہوئے تھے، تاہم اسی روز اتفاق شوگر ملز کی جانب سے ایک بھائی کا حج کے لیے قرعہ نکل آیا جبکہ دوسرا بھائی کرنٹ لگنے سے جاں بحق ہو گیا۔ ایک ہی خاندان پر خوشی اور غم کے یکے بعد دیگرے پہاڑ ٹوٹ پڑے۔ واقعے پر علاقے اور ملز ملازمین میں گہرے رنج و غم کی فضا پائی جاتی ہے۔

