ای وی ایم اور آئی ووٹنگ کیلئے حکومت سے فنڈز طلب
اسلام آباد: الیکشن کمیشن آف پاکستان نے الیکٹرانک ووٹنگ مشین (ای وی ایم) اور آئی ووٹنگ کیلئے وفاقی حکومت سے فنڈز مانگ لئے۔
چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کی سربراہی میں الیکشن کمیشن کا اجلاس ہوا۔ اجلاس میں معزز ممبران ، سیکرٹری اور الیکشن کمیشن کے سینئر افسران نے شرکت کی۔ اجلاس میں سیکرٹری الیکشن کمیشن نے ای وی ایم / بیرون ملک ووٹنگ پر الیکشن کمیشن کی طرف سے کی گئی پیشرفت پر بریفنگ دی۔
الیکشن کمیشن نے پی ایم یو کی طرف سے اب تک کئے گئے اقدامات پر اطمینان کا اظہار کیا اور دفتر کو حکم دیا کہ اس پراجیکٹ میں شفافیت یقینی بنائی جائےاور فنڈز کی فراہمی کے لئے وفاقی حکومت اور وزارت خزانہ کو تحریر کیا جائے تاکہ اس پروجیکٹ پر مزید پیشرفت کی جا سکے۔
یاد رہے الیکشن کمیشن نے پچھلے سال پی ایم یو یونٹ تشکیل دیا تھا جوکہ مذکورہ بالا پراجیکٹ/سسٹم پر کام کر رہا ہے اور اپنی تجاویز اورپیشرفت کے حوالہ سے کمیشن کو آگاہ کرتا رہتا ہے ۔
اس میٹنگ میں پی ایم یو کے سربراہ نے الیکشن کمیشن کو اس پر بھی بریف کیا کہ 2 نومبر 2022 کوالیکشن مینجمنٹ سسٹم ای ایم ایس کی فنانشل بڈ کھولی جا رہی ہے تاکہ اس سلسلے میں مزید کارروائی کی جاسکے ۔اس سسٹم میں ٹیسٹنگ، ٹریننگ اور پائلٹنگ شامل ہے ۔
چیف الیکشن کمشنر نے مذکورہ بالا امور کواہم قرار دیا ہے اور کہا ہے کہ اس میں ووٹ کے تقدس ، رازداری اور الیکشن کی ساکھ کا خیال رکھنا انتہائی ضرور ی ہے ہمیں انتخابی عمل میں جدید ٹیکنالوجی کو اپنانا ہوگا لیکن الیکشن کی شفافیت ، ووٹروں کی سہولت اور تمام سٹیک ہولڈرز کے اعتماد کومدنظر رکھنا بھی الیکشن کمیشن کی ذمہ داری ہے ۔