ڈیرہ نواب صاحب :منت فاطمہ فری میڈیکل کیمپ میں آٹھ سو مریضوں کا علاج کیا گیا
احمد پور شرقیہ (نامہ نگار ) ڈیرہ نواب صاحب میں حیات کلینک پچھلے پچاس سال سے صحت کی سہولیات فراہم کر رہا ہے اور پچھلے دو سال سے منت فاطمہ ہیلتھ اینڈ کئیر فاؤنڈیشن حیات کلینک کے اشتراک سے فری میڈیکل کیمپ کا انعقاد کر رہی ہے۔ منت فاطمہ فاونڈیشن کے قیام کا اولین مقصد صحت کی سہولیات کی فراہمی ہے اور خاص کر چھوٹے بچے جن کی صحت کسی بھی معاشرے کی ترقی کے لئے ضروری ہے کیونکہ ہمارے بچے ہی ہمارا مستقبل ہیں ۔اس سلسلے میں منت فاطمہ فاونڈیشن وقتا فوقتاً فری میڈیکل کا انعقاد کرتی ہے جہاں بچوں کے ساتھ ساتھ ہر عمر کے لوگوں کا بلا تفریق علاج کیا جاتا ہے۔ گزشتہ رو ز منت فاطمہ فاونڈیشن نے حیات کلینک ڈیرہ نواب صاحب پر فری میڈیکل کیمپ کا اہتمام کیا ۔ڈاکٹر یاسر حیات قریشی کی سربراہی میں چار رکنی ڈاکٹرز کی ٹیم نے مریضوں کا فری میڈیکل چیک اپ کیا۔۔ڈاکٹرز کی ٹیم میں ڈاکٹر یاسر حیات قریشی؛ڈاکٹر انعم ظفر؛ڈاکٹر ابو عبید آئی سپیشلسٹ اور ڈاکٹر زین شامل تھے۔گزشتہ روز صبح دس بجے سے شروع ہونے والے اس کیمپ میں صبح سے ہی لوگوں کی کثیر تعداد کیمپ میں موجود رہی اور دوپہر دو بجے ختم ہونے والا یہ کیمپ تین بجے تک جاری رہا ۔اس کیمپ میں ہر عمر کے لوگوں کا نہ صرف فری چیک اپ کیا گیا بلکہ انھیں ایک ہفتے کے لئے مفت ادویات بھی فراہم کی گئیں۔اس فری میڈیکل کیمپ کی خاص بات یہ بھی ہے کہ یہاں تمام قسم کے ٹیسٹ بھی مفت کئے جاتے ہیں جن میں الٹرا ساؤنڈ؛میعادی بخار کا ٹیسٹ؛شوگر ٹیسٹ اور یرقان ٹیسٹ شامل ہیں۔۔منت فاطمہ فری میڈیکل کیمپ کو کامیاب بنانے میں خرم ایاز قریشی کی ذاتی کوشش بھی ہمیشہ شامل رہی ہے۔ گزشتہ روز منقعد ہونے اس کیمپ میں تقریبا آٹھ سو مریضوں کا علاج کیا گیا۔