سب ڈویژن احمد پور شرقیہ میں عید الاضحی 17 جون بروز سوموار کو مذہبی جوش و خروش کے ساتھ منائی جائے گی

احمد پور شرقیہ اور ڈیرہ نواب صاحب کی عید گاہوں میں صبح سات بجے جبکہ عید گاہ اہلحدیث میں پونے سات بجے اور جامع مسجد علی میں صبح چھ بجے نماز عید ادا کی جائے گی
اسسٹنٹ کمشنر فیصل احمد کی زیر نگرانی احمد پور شرقیہ ڈیرہ نواب صاحب اور اوچشریف کی عیدگاہوں میں صفائی ستھرائی کے انتظامات مکمل کر دیے گئے جبکہ ڈی ایس پی فرخ جاوید کی قیادت میں سرکل پولیس نے نماز عید کے اجتماعات کے لیے سیکیورٹی پلان ترتیب دے دیا
احمد پور شرقیہ( سٹاف رپورٹر) سب ڈویژن احمد پور شرقیہ میں عید الاضحی بروز سوموار 17 جون کو مذہبی جوش و خروش کے ساتھ منائی جائے گی نماز عید کا سب سے بڑا اجتماع مرکزی عید گاہ محمود پارک میں ہوگا جہاں مولانا عبدالباسط سات بجے صبح نماز عید پڑھائیں گے-, شاہی عید گاہ ڈیرہ نواب صاحب میں مولانا مفتی محسن فیضی صبح سات بجے نماز عید کی امامت کریں گے -اسی طرح مرکزی عید گاہ اہل حدیث چونگی پیرواہ پر مولانا عبدالشکور صبح سات بجے نماز عید پڑھائیں گے جبکہ امام بارگاہ نور شاہ بخاری میں علامہ سید رشید الحسن بخاری صبح سات بجے اور جامع مسجد علی جنرل بس سٹینڈ میں مولانا عبدالعزیز فیضی کی امامت میں صبح چھ بجے نماز عید ادا کی جائے گی- اس کے علاوہ تحصیل احمد پور شرقیہ کے مختلف علاقوں اوچشریف، چنی گوٹھ مبارک پور ،خیرپور ڈاہا، ہتھیجی جانو والا ،دھوڈکوٹ اور سکھیل سمیت دیگر مساجد اور کھلے مقامات پر بھی نماز عید کے اجتماعات ہوں گے
نماز عید کی ادائیگی کے بعد ہزاروں فرزندان توحید ایک دوسرےکو گلے مل کر عید کی مبارکباد دیں گے اور اپنے پیاروں کی قبروں پر فاتحہ خوانی کریں گے ،بعداذاں وہ حضرت ابراہیم علیہ السلام کی پیروی میں جانوروں کی قربانی دیں گے-دریں اثناء اسسٹنٹ کمشنر احمد پور شرقیہ فیصل احمد کی ہدایت پر بلدیہ احمد پور شرقیہ اور بلدیہ اوچشریف نے شہر احمد پور شرقیہ،ڈیرہ نواب صاحب اور شہر اوچ شریف کی عیدگاہوں اور
ان کو جانے والے روٹس پر صفائی اور ستھرائی کے انتظامات مکمل کر دیے ہیں اسی طرح ڈی ایس پی سرکل احمد پور شرقیہ فرّخ جاوید کی نگرانی میں تحصیل احمد پور شرقیہ میں نماز عید کے اجتماعات کے لیے سیکیورٹی پلان ترتیب دے دیا ہےاور پولیس ملازمین کی حفاظتی ڈیوٹیاں لگا دی گئی ہیں