سب ڈویژن احمد پور شرقیہ میں عید الاضحی مذہبی جوش و خروش کے ساتھ منائی جائے گی
نماز عید کے اجتماعات عید گاہوں امام بارگاہوں مساجد اور کھلے مقامات پر منعقد ہوں گے سرکل پولیس نے ڈی ایس پی محمد جاوید اخترچوہدری کی نگرانی میں سیکیورٹی کے فول پروف انتظامات کو حتمی شکل دے دی
اسسٹنٹ کمشنر محترمہ اقرا ناصر کی نگرانی میں احمد پور شرقیہ ،اوچشریف اور دیگر مقامات پر عید الاضحی کی نماز کی ادائیگی کے لیے صفائی و ستھرائی کے انتظامات مکمل کرلیے گئے
احمد پور شرقیہ (سٹاف رپورٹر )ملک کے دوسرے علاقوں کی طرح سب ڈویژن احمد پور شرقیہ میں بھی عید الاضحی مذہبی جوش و خروش کے ساتھ منائی جائے گی- نماز عید کا سب سے بڑا اجتماع شہر احمد پور شرقیہ میں مرکزی عیدگاہ محمود پارک میں ہوگا جہاں مفتی عبدالباسط نمازعید کی امامت کریں گے اسی طرح ڈیرہ نواب صاحب کی شاہی عیدگاہ میں نماز عید کا بڑا اجتماع منعقد ہوگا جہاں خاندان عباسیہ کی سرکردہ شخصیات مفتی محمد محسن فیضی کی امامت میں نماز عید ادا کریں گی اس کے علاوہ شہر کی دیگر مساجد امام بارگاہوں کے علاوہ اوچ شریف ،چنی گوٹھ ، مبارک پور ،تھیڑی ضبطی جانو والا کے علاوہ دیگر مقامات اور مساجد اور امام بارگاہوں میں بھی نماز عید کے اجتماعات ہوں گے
نماز عید کی ادائیگی کے بعد ہزاروں فرزندان توحید ایک دوسرے سے گلے ملیں گے اور حضرت ابراہیم علیہ السلام کی پیروی میں جانوروں کی قربانی دیں گے- ادھر اسسٹنٹ کمشنر محترمہ اقرا ناصر کی نگرانی میں بلدیہ احمد پور شرقیہ اور بلدیہ اوچشریف نے عید گاہوں مساجد اور امام بارگاہوں میں صفائی و ستھرائی کے انتظامات مکمل کرلیے ہیں جبکہ ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ پولیس محمد جاوید اختر چوہدری کی سربراہی میں سرکل پولیس نے سب ڈویژن میں عید الاضحی کے موقع پر سیکیورٹی کے انتظامات کو حتمی شکل دے دی ہے

