سب ڈویژن احمد پور شرقیہ میں بھی عید الاضحی مذہبی جوش و خروش کے ساتھ منائی گئی

احمد پور شرقیہ : ملک کے دوسرے علاقوں کی طرح سب ڈویژن احمد پور شرقیہ میں بھی عید الاضحی مذہبی جوش و خروش کے ساتھ منائی گئی -احمد پور شرقیہ میں نماز عید الاضحی صبح سات بجے مرکزی عید گاہ محمود پارک میں مفتی عبدالباسط, اور ڈیرہ نواب صاحب کی شاہی عید گاہ میں مفتی محسن فیضی کی امامت میں ادا کی گئی –
احمد پور شرقیہ اور ڈیرہ نواب صاحب کی مرکزی عید گاہوں کے علاوہ عید گاہ اہل حدیث چونگی پیر واہ، امام بارگاہ نور شاہ بخاری, جامع مسجدسیٹلائٹ ٹاؤن ،مدینہ مسجد ،جامع مسجد چبوترا بازار ،جامع مسجد علی ،جامع مسجد غلہ منڈی سمیت اوچشریف ،چنیگوٹھ ،مبارکپور،خیر پور ڈاہا،ہتیھجی،جانووالہ ،سکھیل،تھیڑی ضبطی اور دیگر مقامات کی مساجد ،امام بارگاہوں اور کھلے مقامات پر بھی نماز عید کے اجتماعات ہوئے -نماز عید کی ادائیگی کے بعد ہزاروں فرزندان توحید نے حضرت ابراہیم کی پیروی میں جانوروں کی قربانی دی اور مختلف قبرستانوں میں اپنے پیاروں کی قبروں پر فاتحہ خوانی کی- بلدیہ احمد پور شرقیہ اور اوچشریف نے ایڈمنسٹریٹر محمد نوید حیدر کی نگرانی میں عید گاہوں اور دونوں شہروں میں صحتِ و صفائی کے خصوصی انتظامات کیے تھے-اسی طرح سرکل پولیس نے بھی عید گاہوں ،امام بارگاہوں پر حفاظتی ڈیوٹیاں لگائیں جسکے باعث کوئی نا خوشگوار واقع پیش نہیں آیا