رورل میڈیا نیٹ ورک پاکستان کے صدر احسان احمد سحر نے سمہ سٹہ میں علوی پریس چیمبرز کا افتتاح کر دیا
آر ایم این پی صدر کی استدعا پر انجمن تاجران کے صدر سید وقار الحسن شاہ کا پریس کلب سمہ سٹہ کے دو مستحق صحافیوں کیلئے نقد امدادی ایوارڈز کا اعلان
سمہ سٹہ(راشد محمود چنڑ+ محمد سجاد سے ) رورل میڈیا نیٹ ورک پاکستان کے صدر احسان احمد سحر نے اتوار کے روز ڈاکٹر قدیر روڈ سمہ سٹہ پر علوی پریس چیمبرز کا افتتاح کیا۔
افتتاحی تقریب میں انجمن تاجران سمہ سٹہ کے صدر سید وقار الحسن شاہ، انجمن تاجران کے عہدیداران، پریس کلب سمہ سٹہ کے صدر محمد شاہد اپنے ساتھی صحافیوں سمیت جبکہ دیگر سرکردہ عمائدین علاقہ بھی شریک تھے۔
علوی پریس چیمبرز پریس کلب سمہ سٹہ کے سرپرست اعلیٰ افتخار احمد علوی نمائندہ نوائے وقت اور پریس کلب سمہ سٹہ کے سابق صدر وقار احمد علوی نمائندہ روزنامہ جنگ نے مشترکہ طور پر قائم کیا ہے۔
اس موقع پر رورل میڈیا نیٹ ورک پاکستان کے صدر احسان احمد سحر کی استدعا پر انجمن تاجران سمہ سٹہ کے صدر سید وقار الحسن شاہ نے پریس کلب سمہ سٹہ کے دو مستحق اراکین کیلئے دس، دس ہزار روپے کے دو نقد امدادی ایوارڈز دینے کا اعلان کیا۔ اس سلسلے میں پریس کلب سمہ سٹہ کے صدر محمد شاہد ایک ہفتہ کے اندر اجلاس طلب کرکے دو مستحق صحافیوں کے ناموں کا فیصلہ کریں گے جنہیں سید وقار الحسن شاہ جرنلسٹ سپورٹ ایوارڈ سے نوازا جائے گا۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے احسان احمد سحر نے کہا کہ پاکستانی معاشرے کی طرح ملک کا میڈیا بھی میڈیا یونینز اور میڈیا گروپس میں تقسیم کے باعث شدید پولرائزیشن کا شکار ہو چکا ہے جس کے نتیجے میں صحافیوں کے مسائل حل طلب ہیں۔
انہوں نے کہا کہ میڈیا تنظیموں کے بارہا مطالبات کے باوجود حکومت نے پیکا قانون کی دفعہ 26-اے میں متنازع ترامیم واپس نہیں لیں۔ انہوں نے زور دیا کہ حکومت ان یوٹیوبرز میں فرق کرے جو ریاست مخالف بیانیہ پھیلاتے ہیں اور ان افراد میں جو سرکاری محکموں میں بدعنوانی، بے ضابطگیوں اور کرپشن کو بے نقاب کرتے ہیں۔
احسان احمد سحر نے الزام عائد کیا کہ بعض کرپٹ سرکاری اہلکار پیکا قانون کو اپنی بدعنوانی چھپانے اور خصوصاً دور دراز علاقوں میں کام کرنے والے تحقیقاتی صحافیوں کو ہراساں کرنے کیلئے استعمال کر رہے ہیں۔ انہوں نے وزیراعظم شہباز شریف سے اس صورتحال کا نوٹس لینے اور متعلقہ وزارتوں و اداروں کو ضروری ہدایات جاری کرنے کی اپیل کی۔
آر ایم این پی کے صدر نے اس امر پر بھی گہری تشویش کا اظہار کیا کہ علاقائی اور مقامی اخبارات معاشی اور انتظامی دباؤ کے باعث بڑھتی ہوئی خود سنسرشپ کا شکار ہو رہے ہیں۔ انہوں نے الزام لگایا کہ بعض ریگولیٹری طریقہ کار استعمال کرتے ہوئے علاقائی اخبارات کو مرکزی میڈیا فہرستوں سے خارج کیا جا رہا ہے جس سے وہ سرکاری اشتہارات سے محروم ہو کر بقا کے بحران سے دوچار ہیں۔
انہوں نے کہا کہ یورپ، امریکہ اور کینیڈا میں مقامی میڈیا اداروں کی حوصلہ افزائی اور تقویت کی جا رہی ہے جبکہ پاکستان میں اطلاعاتی محکمے مبینہ طور پر چھوٹے اور دیہی اخبارات کو نظر انداز کر کے اس کے برعکس سمت میں جا رہے ہیں۔
احسان احمد سحر نے کہا کہ پاکستانی میڈیا شدید بحران کا شکار ہے، ٹی وی چینلز سے ملازمین کی برطرفیاں اور اخبارات کی بندش کا سلسلہ جاری ہے جبکہ سائبر کرائم قوانین کو واٹس ایپ صارفین، یوٹیوبرز اور ڈیجیٹل میڈیا سے وابستہ افراد کے خلاف بھی استعمال کیا جا رہا ہے۔
انہوں نے یونین کونسل، ٹاؤن اور تحصیل سطح پر قائم پریس کلبوں کو مضبوط بنانے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ان کی رجسٹریشن کا طریقہ کار آسان بنایا جائے جو اس وقت غیر ضروری طور پر پیچیدہ اور این جی اوز طرز کی چھان بین پر مبنی ہے۔
انہوں نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز اور صوبائی وزیر اطلاعات عظمیٰ بخاری سے مطالبہ کیا کہ وہ اس معاملے میں مداخلت کریں اور رجسٹریشن نظام میں اصلاحات کے ذریعے چھوٹے پریس کلبوں کیلئے سالانہ فنڈز کی فراہمی یقینی بنائیں۔
احسان احمد سحر نے پریس کلب سمہ سٹہ کے سرپرست اعلیٰ افتخار احمد علوی کے کردار کو بھی سراہا جنہوں نے 2013 اور 2018 میں یونیسکو اور ڈی سی ایم ایف کے تعاون سے آر ایم این پی کے تربیتی منصوبوں پر عملدرآمد میں اہم کردار ادا کیا۔
احمد پور یونین آف جرنلسٹس ورکرز کے نائب صدر ملک راشد محمود چنڑ اور روزنامہ نوائے احمدپور شرقیہ کے آفس انچارج محمد سجاد بھی افتتاحی تقریب میں احسان احمد سحر کے ہمراہ موجود تھے۔
اس سے قبل میزبان افتخار احمد علوی نے اپنے استقبالیہ خطاب میں احسان احمد سحر کو ضلعی نمائندگان اور دیہی صحافیوں کی تربیت کے مواقع فراہم کرنے پر زبردست خراج تحسین پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ آر ایم این پی پاکستان کی واحد پریس فریڈم اور تربیتی تنظیم ہے جس نے ضلع، تحصیل اور یونین کونسل سطح تک سیمینارز اور تربیتی ورکشاپس منعقد کیں۔

سمہ سٹہ : میزبان افتخار احمد علوی سرپرست اعلی سمہ سٹہ پریس کلب ، انجمن تاجران کے صدر سید وقار الحسن شاہ ،پریس کلب کے صدر شاہد محمود اور دیگر عہدیداران کا علوی پریس چیمبرز کی افتتاحی تقریب میں صدر آر ایم این پی احسان احمد سحر کے ہمراہ گروپ فوٹو

