ماحولیات کے تحفظ اور بقاء کے لئے اسلامیہ یونیورسٹی کی کاوشوں کو سراہا جا رہا ہے، پروفیسر اطہر محبوب
ماحولیات کے تحفظ اور بقاء کے لئے اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپورکی کاوشوں کو قومی اور عالمی سطح پر سراہا جا رہا ہےانجینئرپروفیسر ڈاکٹر اطہر محبوب وائس چانسلر
انجینئرپروفیسر ڈاکٹر اطہر محبوب وائس چانسلر اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور نے کہا ہے کہ ماحولیات کے تحفظ اور بقاء کے لئے اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپورکی کاوشوں کو قومی اور عالمی سطح پر سراہا جا رہا ہے۔اس سلسلے میں انٹرنیشنل کنسورشیم برائے تحفظ وبقائے ماحول،گرین کیمپس پراجیکٹ،شمسی توانائی کے 2.5میگاواٹ پلانٹ کے ذریعے گرین انرجی کی فراہمی،ایک لاکھ درختوں کی شجرکاری جیسے اہم اقدامات شامل ہیں۔وائس چانسلر نے ان خیالات کا اظہار انسٹیٹیوٹ آف ایگرو انڈسٹری اینڈ انوائرمنٹ اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور کے زیراہتمام ورلڈ انوائرمنٹ ڈے کے سلسلے میں فیکلٹی اور اساتذہ کی آگاہی واک کی قیادت کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر ورلڈ انوائرمنٹ ڈے کا کیک بھی کاٹا گیا اور طلبا ؤ طالبات نے گلوبل وارمنگ،گرین انرجی اور تحفظ ماحول کے حوالے سے مختلف ماڈلز کی بھی نمائش کی۔وائس چانسلر نے کہا کہ شمسی توانائی کے پلانٹ سے 10000گرین الیکٹریسٹی یونٹ پیدا کیے گئے اور اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور نے کاربن ڈائی آکسائیڈ کے اخراج میں 1.43ٹن کمی کی جس کی بدولت اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور ورلڈاینوائرمنٹ انڈیکس میں نمایاں طور پر سامنے آئی ہے۔ڈین فیکلٹی آف ایگریکلچر اینڈ انوائرمنٹ پروفیسر ڈاکٹر معظم جمیل نے کہا کہ ایگریکلچرفیکلٹی ماحولیات کے تحفظ کے لیے نمایاں کردار ادا کر رہی ہے۔ ڈاکٹر غلام حسن عباسی ڈائریکٹرانسٹیٹیوٹ آف ایگرو انڈسٹری اینڈ انوائرمنٹ نے کہا کہ وائس چانسلر کی خصوصی توجہ کی بدولت اس انسٹیٹیوٹ کے قیام سے جنوبی پنجاب میں زرعی صنعت اور ماحولیات کو بہت ترقی ملے گی اور زرعی خوشحالی میں اضافہ ہوگا۔