Advertisements

تعلیم کسی بھی قوم کی ترقی کی بنیاد ہے , بچیوں کی تعلیم مہذب اور ترقی یافتہ معاشرے کی ضمانت ہے۔,۔حسن عسکری شیخ

Provincial Parliamentary SecretaryHassan Askari Sheikh
Advertisements

صوبائی پارلیمانی سیکرٹری کا گورنمنٹ گرلز ہائی سکول چنی گوٹھ میں سالانہ تقسیم انعامات کی تقریب سے خطاب سینئر ہیڈ مسٹریس عائشہ مظہر نے سکول کی کارکردگی پر روشنی ڈالی

چنی گوٹھ (نامہ نگار) گورنمنٹ گرلز ہائی سکول چنی گوٹھ میں سالانہ تقسیم انعامات کی پروقار تقریب منعقد ہوئی، جس میں طالبات کی تعلیمی و ہم نصابی سرگرمیوں میں نمایاں کارکردگی کو سراہتے ہوئے انہیں انعامات سے نوازا گیا۔ تقریب میں علاقہ بھر کی سیاسی، سماجی اور تعلیمی شخصیات نے شرکت کی جبکہ طالبات، اساتذہ اور والدین کی بڑی تعداد بھی موجود تھی۔

Advertisements

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی پارلیمانی سیکرٹری پنجاب و ایم پی اے حلقہ پی پی 248 حسن عسکری شیخ نے کہا کہ تعلیم کسی بھی قوم کی ترقی کی بنیاد ہے اور خصوصاً بچیوں کی تعلیم ایک مہذب اور ترقی یافتہ معاشرے کی ضمانت ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایک بچی کے تعلیم یافتہ ہونے کا مطلب صرف ایک فرد کا پڑھا لکھا ہونا نہیں بلکہ پورے خاندان اور آنے والی نسلوں کا شعور یافتہ ہونا ہے۔ انہوں نے کہا کہ خواتین معاشرے میں ماں، بہن اور بیٹی کی حیثیت سے نسلوں کی تربیت کرتی ہیں، اس لئے ان کی تعلیم پر خصوصی توجہ دینا وقت کی اہم ضرورت ہے۔حسن عسکری شیخ نے کہا کہ پنجاب حکومت وزیر اعلیٰ پنجاب کی قیادت میں تعلیمی اداروں کی بہتری اور جدید سہولیات کی فراہمی کیلئے عملی اقدامات کر رہی ہے۔ انہوں نے طالبات کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ وہ محنت، لگن اور دیانتداری کو اپنا شعار بنائیں کیونکہ آج کی طالبات ہی کل پاکستان کا روشن مستقبل ہیں۔اس موقع پر سینئر ہیڈ مسٹریس عائشہ مظہر نے خطاب کرتے ہوئے سکول کی کارکردگی اور درپیش مسائل پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے بتایا کہ سکول میں بجلی کی لوڈشیڈنگ کے باعث تعلیمی سرگرمیاں متاثر ہوتی ہیں جس کیلئے سولر سسٹم کی اشد ضرورت ہے۔ اسی طرح جدید دور کے تقاضوں کے مطابق کمپیوٹر لیب کے قیام اور سکول کی چار دیواری کی تعمیر بھی ناگزیر ہے تاکہ طالبات کو بہتر اور محفوظ تعلیمی ماحول فراہم کیا جا سکے۔ایم پی اے حسن عسکری شیخ نے سکول کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کی یقین دہانی کرواتے ہوئے کہا کہ بچیوں کی تعلیم کے معاملے میں کسی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی اور سکول کو درکار سہولیات کی فراہمی کیلئے ہر ممکن اقدامات کئے جائیں گے۔تقریب کے دوران سکول انتظامیہ کی جانب سے سینئر ہیڈ مسٹریس عائشہ مظہر نے حسن عسکری شیخ کو تعلیمی خدمات کے اعتراف میں یادگاری شیلڈ پیش کی۔ جبکہ حسن عسکری شیخ نے تدریسی خدمات کے اعتراف میں سیکنڈ ہیڈ مسٹریس فرح شہزادی کو بیسٹ ٹیچر ایوارڈ دیا اور اپنی جیب سے نقد انعام بھی پیش کیا، جس پر حاضرین نے بھرپور تالیاں بجا کر اس اقدام کو سراہا۔

قبل ازیں سابق چیئرمین و ناظم یونین کونسل چنی گوٹھ مہر محمد صدیق اور سابق ممبر ضلع کونسل بہاولپور جام محمد علی لاڑ نے بھی خطاب کیا۔ انہوں نے تعلیم کے فروغ کیلئے اساتذہ کی خدمات کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ تعلیمی ادارے معاشرے کی تعمیر میں بنیادی کردار ادا کرتے ہیں اور طالبات کی بہتر تعلیم و تربیت ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔تقریب میں سجاد خان عباسی نمبردار، سعید خان عباسی، اعجاز خان عباسی، حاجی مختار بھٹہ سابق کونسلر، جام سعید احمد لاڑ سابق کونسلر ،چوہدری محمد منشاء گجر، ملک صفدر علی، راؤ مبین، عبدالحفیظ فہیم، محمد افضل پنوار، شاہد بشیر چوہدری سمیت دیگر معززین علاقہ نے شرکت کی۔ جبکہ سٹیج سیکرٹری کے فرائض مس رضیہ حسن نے نہایت احسن انداز میں انجام دیئے۔آخر میں مہمان خصوصی اور دیگر معززین نے نمایاں کارکردگی دکھانے والی طالبات میں انعامات اور اسناد تقسیم کیں۔ تقریب کے اختتام پر طالبات اور والدین نے تعلیمی سرگرمیوں کے فروغ اور سکول کے مسائل کے حل کیلئے حسن عسکری شیخ کی یقین دہانی کو خوش آئند قرار دیا۔