لاہور پریس کلب کے باہر صحافی حسنین شاہ کا دن دیہاڑے قتل، مرکزی ملزم عامر بٹ سمیت چار ملزمان گرفتار
اداریہ: بروز جمعرات 27 جنوری 2022
سوموار کولاہور پریس کلب کے باہر کیپٹل ٹی وی چینل کے کرائم رپورٹرحسنین شاہ کے قتل کے الزام میں لاہور پولیس نے مرکزی ملز م عامر بٹ سمیت چار ملزمان کو گرفتار کر لیا پولیس ذرائع نے انکشاف کیا ہے کہ صحافی حسنین شاہ کو اُجرتی قاتلوں کے ذریعے موت کے گھاٹ اُتار ا گیا۔
سینئر صحافی حسنین شاہ کے قتل کے مرکزی ملزم عامر بٹ کو جیل روڈ لاہور سے گرفتار کیا گیا گزشتہ روز ڈی آئی جی آپریشنز لاہور نے بتایا تھا کہ صحافی حسنین شاہ کے قتل میں تین افراد کو گرفتار کر کے تفتیش کی جا رہی ہے۔
وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے صوبائی دارالحکومت لاہور میں دن دیہاڑے صحافی حسنین شاہ کے قتل پر اظہار افسوس کرتے ہوئے پولیس کو حکم دیا تھا کہ وہ بلا تاخیر ملزمان کو گرفتار کرے تاکہ حق و انصاف کے تقاضے پو رے ہو سکیں
لاہورپولیس کی جانب سے صحافی حسنین شاہ کے قتل کے مرکزی ملزم عامر بٹ کی گرفتاری مقدمہ کی تفتیش میں اہم پیش رفت ہے اُمید کی جانی چاہیے کہ لاہور پولیس حسنین شاہ قتل کیس کے پس منظر اور تہ منظر کا سراغ لگا کر صحافی حسنین شا ہ قتل کے اصل پس پردہ کرداروں کو بھی بے نقاب کرے گی نیز اس امر کا بھی پتہ چلایا جائے گا کہ آخر کیوں ٹی وی چینل کے کرائم رپورٹر کو اجرتی قاتلوں کے ذریعے راستہ سے ہٹایا گیا۔
ہم ان کالموں کے ذریعے وزیر اعظم عمران خان اور وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار سے گزارش کریں گے کہ وہ ٹی وی چینل کے کرائم رپورٹرحسنین شاہ کی بیوہ اور دو بچوں کو وفاقی اور صوبائی حکومتوں کی جانب سے مالی امداد فراہم کریں تاکہ اُن کے پسماندگان باعزت طور پر اپنی زند گی گزار سکیں۔